لکھنؤ،23مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اترپردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ راج ببر فتح پور سیکری سے پارٹی کے لوک سبھا امیدوار ہوں گے۔راج ببر کو فتح پور سیکری سے امیدوار بنایا گیا ہے۔پہلے ان کے بارے مرادآباد سے الیکشن لڑنے کی بحث کی جارہی تھی۔کانگریس نے مرادآباد سے عمران پرتاپ گڑھی کو امیدوار قرار دیا ہے۔ببر 1999 اور 2004 میں آگرہ سیٹ سے منتخب ہوئے تھے۔آگرہ کی سیٹ 2008 میں سیمانکن کے بعد محفوظ ہو گئی تھی۔ببر 2009 میں فیروز آباد کے ضمنی انتخاب میں بھی کامیاب ہوئے تھے۔
اتر پردیش کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے بتایا کہ راج ببر فتح پور سیکری سے پہلے الیکشن لڑ چکے ہیں اور وہ اس حلقہ کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ببر 2009 کے لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی کی سیما اپادھیائے سے 9936 ووٹوں سے ہار گئے تھے۔ادھر پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ببر مرادآباد سیٹ کو لے کر مطمئن نہیں تھے۔اس سیٹ سے بی جے پی نے موجودہ رہنما کنور سرویش کمار کو امیدوار بنایا ہے۔کمار ٹھاکردوارا اسمبلی سیٹ سے پانچ بار رکن اسمبلی بھی رہے ہیں۔لوک سبھا انتخابات کے لئے جاری امیدواروں کی ساتویں فہرست میں اتر پردیش کی نو لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کے نام کا اعلان کیاگیا ہے۔ نسیم الدین صدیقی کو بجنور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔بی ایس پی سپریمو مایاوتی کے کبھی انتہائی قریبی رہے نسیم الدین نے 2018 میں بی ایس پی سے ناطہ توڑ کانگریس کا دامن تھاما تھا۔کانگریس نے پروین ایرن کو بریلی سے امیدوار بنایا ہے۔ایرن 2009 کے لوک سبھا انتخابات میں بریلی سے کامیاب ہوئے تھے۔شیو کمار پٹیل عرف ددا کے چھوٹے بھائی بال کمار پٹیل کو باندہ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔پٹیل مرزا پورسے ایس پی کے رہنما رہ چکے ہیں۔وہ حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔ددوا 2006 میں پولیس تصادم کے دوران مارا گیا تھا۔ترلوک کرام دیواکر کو ہاتھرس (درج فہرست ذات) سیٹ سے، پریتا ہریت کو آگرہ (ایس سی ؍ایس ٹی)، وریندر کمار ورما کو ہردوئی (ایس سی ؍ایس ٹی) اور گریش چند پاسی کو کوشامبی (ایس سی ؍ایس ٹی) سیٹ سے امیدوار قرار دیا گیا ہے۔