ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس مضبوط ہوئی ہے جبھی گوڈسے کے ماننے والےباپو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں: کنہیا کمار

کانگریس مضبوط ہوئی ہے جبھی گوڈسے کے ماننے والےباپو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں: کنہیا کمار

Sun, 03 Oct 2021 13:23:57    S.O. News Service

نئی دہلی، 3؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی)  حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے کنہیا کمار نے سنیچر کوکہا کہ کانگریس گزشتہ کچھ برسوں میں مضبوط ہوئی ہے اور یہ اس بات سے ثابت ہوتا ہے کہ گوڈسے کے ماننے والے بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

کنہیا گاندھی جینتی کے موقع پر یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ کل ہند غیرمنظم ورکرس کانگریس کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ گوڈسے کے درشن کو ماننے والوں کو بھی گاندھی کے آگے جھکنا پڑتا ہے۔ یہی گاندھیائی نظریات کی طاقت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کانگریس مضبوط ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ وزیراعظم نریندر مود ی کا بھی خود کو گاندھیائی دکھانا یہ ثابت کرتا ہے کہ کانگریس مضبوط ہوگئی ہے۔

جے این یو طلبا لیڈر رہ چکے کنہیا نے جے جوان، جے کسان کا نعرہ دینے والے سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو بھی یاد کرتے ہوئے کہاکہ کسان مہینوں سے دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہیں اور وزیراعظم امریکہ جاسکتے ہیں لیکن کسانوں سے ملاقات نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کسانوں اور مزدوروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں گاندھی اور شاستری کے ویژن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے حکومت کی مونیٹائزیشن پالیسی اور سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم کہتے ہیں کہ حکومت قومی املاک کو فروخت کررہی ہے تو ان کے حامی کہتے ہیں کہ انہیں فروخت نہیں کیا جارہا ہے بلکہ پٹہ پر دیا جارہا ہے۔ اگر وزیراعظم چوکیدار ہیں تو وہ ہماری قومی املاک کیوں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ واضح ہے کہ حکومت کو پیسہ کی ضرورت ہے۔اگر پیسہ کی کمی ہے تو وزیراعظم اپنے لئے 20,000کروڑ روپے کا محل کیوں بنا رہے ہیں۔


Share: