کارکلا 21/ مئی (ایس او نیوز) اپنے گھر میں تنہا رہنے والے شیرلالو ہاڈی انگڈی آنند شرویگر (63 سال) کی لاش اس کے ورانڈے میں پائی گئی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ مہلوک آنند نے اپنی چار ایکڑ زمین بنگلورو میں رہنے والے گنیش راو اور دیگر دو افراد کو فروخت کی تھی ۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آنند اپنی بیوی اور بچوں سے الگ ہو چکا تھا اور اس نے اپنی زمین کے خریداروں سے اپنے موروثی گھر کے احاطے میں 100 میٹر کی دوری پر ایک چھوٹا سا گھر تعمیر کرنے کی اجازت حاصل کی تھی اور وہ اسی گھر میں تنہا رہنے لگا تھا۔
ہریش جو اس کی سالی کا بیٹا تھا،وہ آنند کے یہاں آتا اور گھریلو کام کاج کیا کرتا تھا۔ دونوں کو شراب پینے کی لت تھی۔ جس دن آنند کی موت واقع ہوئی اس دن ہریش اپنا کام کاج نپٹا کر باہر گیا ہوا تھا اور دیر رات واپس لوٹا تھا۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ نشہ کی حالت میں دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ہوگی جس کے نتیجہ میں آنند کی موت واقع ہوئی ہوگی۔
اس ضمن میں اجیکر پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔