بھٹکل،6؍مارچ (ایس او نیوز) روسی فوجی حملے کی زد میں آئے ہوئے یوکرین میں پھنسے ضلع شمالی کینرا ا کے دو میڈیکل طالب علم لوٹ کر بحفاظت اپنے گھر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ۔
واپس لوٹنے والے ایک طالب علم کا نام عمران چودھری ہے جو سرسی کے بنواسی کا رہنے والا ہے اور یوکرین میں ایم بی بی ایس کے تیسرے سال میں زیر تعلیم تھا ۔ گھر واپس لوٹنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران اس نے بتایا کہ دیگر طلبہ کے ساتھ یوکرین سے نکل کر وہ پہلے رومانیہ پہنچا پھر وہاں سے دہلی اور بنگلورو ہوتے ہوئے بنواسی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ۔ اس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کر واپس لوٹنے والے طلبہ کو یہاں اپنی تعلیم جاری رکھنے کی سہولت فراہم کی جائے ۔
عمران کے بحفاظت گھر پہنچنے پر جہاں اس کے والدین نے اطمینان اور راحت کی سانس لی ہے وہیں پر اسسٹنٹ کمشنر دیو راج آر اور سرسی تحصیلدار ایم آر کلکرنی نے عمران چوہدری کے گھر پہنچ کر گلدستہ اور مٹھائی پیش کرتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہاں پر تعلیم جاری رکھنے کے لئے عمران نے جو مطالبہ کیا ہے اسے حکومت کے ذمہ داران تک پہنچایا جائے گا ۔
یوکرین سے اپنے گھر واپس لوٹنے والے دوسرے طالب علم کا نام پرتیک شیٹھ ہے جو کاروار کا رہنے والا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے ڈیڑھ دو مہینے قبل ہی میڈیکل تعلیم کے لئے یوکرین میں داخلہ لیا تھا ۔ جنگ سے متاثرہ شہر سے واپسی کے لئے اس نے ہنگیری پہنچ کر وہاں سے ہندوستان لوٹنے میں کامیاب ہوا ہے ۔
وطن واپس لوٹنے والے دونوں طالب علموں نے ان کی بخیریت واپسی کے لئے حکومت ہند کی طرف سے انڈین ایمبیسی کے توسط سے کی گئی کارروائی کی ستائش کی ۔ اور کہا کہ یوکرین میں اور بھی سیکڑوں طالب علم پھنسے ہوئے ہیں انہیں بھی جلد از جلد واپس لانے کا کام ہونا چاہیے ۔
