کاروار،5؍ مئی (ایس او نیوز) سیاحوں کی کشش کے لئے ایک طرف سمندر اور دوسری طرف جنگلاتی اور پہاڑی علاقہ کے ساتھ آبشاروں ، ندیوں ، قدرتی مناظر کے علاوہ مشہور منادر اور سیاحتی مراکز رہنے کے باوجود ضلع شمالی کینرا میں گزشتہ سات برس محکمہ سیاحت کے پاس ٹورازم آفیسر کا عہدہ خالی پڑا ہوا ہے ۔
سال 12-2010 کے دوران اس محکمہ میں جیتندرا ناتھ کو ٹورازم آفیسر نامزد کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد ان کا ٹرانسفر ہوگیا ہے اور موتی لال نامی آفیسر کو تعینات کیا گیا ۔ پھر 2015 میں ان کے ٹرانسفر کے بعد اب تک کسی کو بھی باضابطہ طور پر اس عہدے پر تعینات نہیں کیا گیا ۔ صرف انچارج آفیسر سے کام چلایا جا رہا ہے ۔ دوسرے محکمہ جات کے افسران کو عبوری ذمہ داریاں دینے سے محکمہ سیاحت کی سرگرمیوں میں زیادہ بہتری آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں ۔ جبکہ یہاں ٹورازم کو فروغ دینے کے لئے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ مسلسل اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس لئے ضلع سے تعلق رکھنے والے وزیر شیو رام ہیبار اور ضلع انچارج وزیر کوٹا شرینواس پجاری کو چاہیے کہ اس ضلع کو سیاحتی مرکز کے طور پر بلندی پر لے جانے کے لئے وہ متحرک ہوجائیں اور ٹورازم آفیسر نامزد کرنے کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرنے کی سنجیدہ کوششیں کریں ۔