کاروار ،10؍اپریل (ایس او نیوز) پچھلے کئی دنوں سے کے پی سی سی میں عہدیداروں تقرری کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ اب آئندہ سال درپیش اسمبلی الیکشن کو سامنے رکھتے ہوئے ریاستی کانگریس کمیٹی میں عہدیداروں کی نامزدگی کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔ کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال نے جو فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق اس مرتبہ ضلع شمالی کینرا کے 4 کانگریسی لیڈروں کو ریاستی کمیٹی میں جنرل سیکریٹری کا عہدہ دیا گیا ہے ۔
گزشتہ تقریباً 10 سال سے زیادہ ضلع کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے بھیمنّا نائک، کے پی سی سی کے موجودہ سیکریٹری نودیت آلوا اور سابق ضلع پریشد نائب صدر انکولہ کے رمانند نائک کو جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا جبکہ سرسی کی سشما راج گوپال کو دوبارہ جنرل سیکریٹری بحال رکھا گیا ہے ۔
کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں تقریباً 40 لیڈروں کو نائب صدور اور 109 کو جنرل سیکریٹریزکا عہدہ دیا گیا ہے ۔ آئندہ ہونے والے اسمبلی الیکشن کے پیش نظر عہدیداروں کی نامزدگی ذات اور طبقات کا حساب کرتے ہوئے سب کو نمائندگی دینے کی کوشش کی گئی ہے ۔ پسماندہ طبقات کو 53 ، پسماندہ قبائل 4، پسماندہ ذاتیں 25، خواتین 23، اقلیتیں 22، لنگایت 19، اوکلیگا 16، ریڈی لنگایت 5 اور مخنث (تھرڈ جینڈر) سے 1 کو عہدیداروں میں شامل کیا گیا ہے ۔
ضلع شمالی کینرا میں جو چار عہدے دئے گئے ہیں ان میں ایک نامدھاری ، ایک ناڈو، ایک اقلیت (عیسائی) اور ایک شیروگار طبقہ کو نمائندگی دی گئی ہے ۔
اب بھیمنّا کو جنری سیکریٹری نامزد کیے جانے کے بعد ضلع کانگریس صدر کا عہدہ خالی ہے جس پر جلد ہی تقرر ہونے کے امکانات ہیں ۔ ضلع کانگریسی حلقے میں اس عہدے کے لئے انکولہ کے سائی گاونکر، وینکٹیش ہیگڈے، ہوناور کے کرشنا گوڈا،شیوانند ہیگڈے، رویندرا نائک وغیرہ کے نام گشت کر رہے ہیں ۔