ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار سٹی میونسپل کاونسل کے صدر و نائب صدر کا انتخاب۔بی جے پی کے اندر ہی شروع ہوگئی ہے کشتی۔یکم نومبر کو ہوگا انتخابی عمل

کاروار سٹی میونسپل کاونسل کے صدر و نائب صدر کا انتخاب۔بی جے پی کے اندر ہی شروع ہوگئی ہے کشتی۔یکم نومبر کو ہوگا انتخابی عمل

Sat, 24 Oct 2020 12:05:51    S.O. News Service

کاروار،24؍اکتوبر (ایس او نیوز) ایک طرف ریاستی ہائی کورٹ نے  2 نومبر سے پہلے سٹی میونسپل کاونسل کے صدر و نائب صدر کے عہدوں کے لئے انتخابی عمل پورا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ دوسری طرف کاروار سی ایم سی کے دو اراکین نے ریزرویشن کے مسئلے پر اس معاملے کوپھر سے ریاستی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ تیسری طرف کاروار میں  ان عہدوں پر قبضہ جمانے کے لئے بی جے پی کے اندرہی گروپ بندی اور کشتی شروع ہوگئی ہے۔

اب تک ان عہدوں کے لئے بی جے پی کے نتین پیکلے، روی راج انکولیکر اور پرکاش نائک کے درمیان مقابلہ آرائی چل رہی تھی۔لیکن اب کونکن مراٹھا سماج کے نمائندوں کی حیثیت سے نندا بالا ساونت اور شیلپا سبھاش نائک اس دوڑ میں داخل ہوگئے ہیں۔ان دونوں نے رکن اسمبلی روپالی نائک کے علم میں لائے بغیر ہی بیک ورڈ کلاس  (ب)  ریزرویشن کا مطالبہ کرتے ہوئے ہائی کورٹ دھارواڑ بینچ  کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ ان کے اس اقدام نے بی جے پی کے اندر ہی اختلافات کا بگل بجادیا ہے۔سیاسی جانکار اس حرکت کو ایم ایل اے روپالی نائک کے خلاف محاذ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

ننداساونت کا کہنا ہے کہ گزشتہ مرتبہ جو رکن اسمبلی بنے تھے وہ  ہمارے کونکن مراٹھا طبقے سے ہی تعلق رکھتے تھے۔ اس دفعہ بھی ایم ایل اے  ہمارے ہی سماج کا  ہونے کے باوجود سی ایم سی میں ایک مرتبہ بھی ہمارے طبقے   کے کسی بھی فرد کوصدر یا نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ اس لئے ہم نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور اس با ت کی جانکاری  ہم نے پارٹی  کو نہیں دی ہے۔کچھ یہی بات شیلپا نائک نے بھی کہی اور بتایا کہ ہمارے سماج کے لوگوں نے اس معاملے کو عدالت میں لے جانے کی خواہش ظاہر کی تھی اس لئے  میں نے پارٹی کی اجازت کے بغیر ہی ہائی کورٹ میں رِٹ داخل کی ہے۔ یہ کوئی پارٹی مخالف سرگرمی نہیں ہے۔

ادھر الیکٹرول آفیسر اور نگراں میونسپل کمشنرپریانگا ایم نے یکم نومبر کو صبح 12 بجے شہر کے کنڑا بھون میں سٹی میونسپل کاونسل کے صدر ونائب صدر  کے عہدے کے لئے انتخابات منعقد کرنے کا سرکیولرسی ایم سی  کاروارکے  تمام 31اراکین  کے نام جاری کردیا ہے۔


Share: