ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاتالان کے سابق سربراہ، جرمنی میں گرفتار

کاتالان کے سابق سربراہ، جرمنی میں گرفتار

Tue, 27 Mar 2018 12:05:28    S.O. News Service

برلن 26مارچ ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )جرمن پولیس نے ہسپانیہ کے نیم خودمختار علاقے کاتالونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ کو حراست میں لے لیا ہے۔ پوج ڈیمونٹ گزشتہ کئی ماہ سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرتے ہوئے برسلز میں مقیم تھے۔جرمن پولیس نے آج اتوار 25 مارچ کو نیم خودمختار ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے سابق صدر کارلیس پوج ڈیمونٹ کو حراست میں لے لیا ہے۔ جرمن پولیس نے بتایا گیا ہے کہ پوج ڈیمونٹ جرمن ہائی وے اے سیون پر سفر کر رہے تھے، جب انہیں ملک کے شمالی حصے میں فلینزبرگ کے قریب گیارہ بج کر انیس منٹ پر حراست میں لیا گیا۔ہسپانوی علاقے کاتالونیا کے لیڈر کارلیس پوج ڈیمونٹ اور ان کے چار ساتھیوں کے یورپی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ وہ اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے بیلجیم میں مقیم ہیں۔ اْن کے ہمراہ اْن کے چار دوسرے ساتھی بھی ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پوج ڈیمونٹ ڈنمارک سے بذریعہ کار جرمنی میں داخل ہوئے۔ وہ جمعہ کے روز فِن لینڈ سے اْس وقت روانہ ہو گئے تھے جب اس بات کا امکان پیدا ہو گیا تھا کہ وہاں کی پولیس انہیں گرفتار کر کے واپس اسپین کے حوالے کر سکتی ہے۔کاتالونیا کے سابق سربراہ کے خلاف اس نیم خود مختار علاقے میں ہسپانیہ سے آزادی کے لیے ریفرنڈم کرانے کے الزام میں اسپین کی ایک عدالت میں ایک مقدمہ چل رہا جس میں انہیں 25 برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ ہسپانوی پولیس نے پوج ڈیمونٹ کی گرفتاری کے لیے یورپی وارنٹ نکال رکھے ہیں۔جرمن میگزین فوکس کے مطابق ہسپانوی انٹیلیجنس نے جرمنی کی وفاقی پولیس BKA کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا کہ پوج ڈیمونٹ فِن لینڈ سے جرمنی کے لیے روانہ ہیں۔ تاہم اس میگزین کی طرف سے اپنی اس معلومات کا کوئی ذریعہ نہیں بتایا گیا۔پوج ڈیمونٹ کی جرمنی میں گرفتاری کے بعد بارسلونا میں مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابھی یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا پوج ڈیمونٹ کو فوری طور پر اسپین کے حوالے کر دیا جائے گا یا نہیں۔ وہ قبل ازیں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنی ملک بدری کے خلاف بیلجیئم میں قانونی کارروائی کریں گے۔ پوج ڈیمونٹ کے ترجمان کے مطابق کاتالونیا کے سابق صدر دراصل جرمنی سے گزر کر بیلجیئم ہی جا رہے تھے جب انہیں گرفتار کر لیا گیا۔


Share: