بنگلورو،28؍مارچ(ایس او نیوز) ریاست کے 14لوک سبھا حلقوں میں 18اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے نامزدگیوں کی جانچ کا کام مکمل ہونے کے بعد اب 237 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ نامزدگی واپس لینے کے لئے کل آخری تاریخ ہوگی، اس مرحلے میں مختلف حلقوں سے باغی امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے والے لیڈروں کو منانے کے لئے تینوں سیاسی پارٹیوں کی طرف سے کوششیں کافی تیزی سے جاری ہیں۔ جو امیدوار سنجیدگی سے مقابلے کے لئے میدان میں اترے ہیں انہوں نے اپنے حامیوں کو ساتھ لے کر انتخابی مہم بھی شروع کردی ہے۔ 18 اپریل کو جن حلقوں میں پولنگ ہوگی ان میں بنگلور سنٹرل، بنگلور نارتھ، بنگلور ساؤتھ، بنگلور رورل ، کولار ، چکبالاپور، چامراج نگر، میسور، کورگ ، منڈیا، ٹمکور ، چترادرگہ، اڈپی چکمگلور، ہاسن اور دکشن کنڑا لوک سبھا حلقے شامل ہیں۔ یہاں پر جتنی نامزدگیاں داخل کی گئی تھیں ان میں سے 49کی نامزدگیوں کو مسترد کردیاگیا ہے۔ دوسری طرف آج ریاست میں 23اپر یل کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے لئے نوٹی فکیشن جاری ہوگیا، جس کے ساتھ ہی ان حلقوں میں نامزدگیوں کااندراج بھی شروع ہوگیا۔ ریاست کے چکوڈی ، بلگاوی ، باگلوٹ ، بیجاپور، گلبرگہ،رائچور، بیدر ، کوپل، بلاری ، ہاویری ، دھارواڑ ، شمالی کینرا اور داونگیرے ان 14حلقوں کے لئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے انتخابی نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ یہاں پر آج سے 4 ؍ اپریل تک پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ 5 اپریل کو نامزدگیوں کی جانچ ہوگی اور 8 اپریل کو نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔ کانگریس اور جے ڈی ایس اتحاد نے بجز دھارواڑ تمام حلقوں کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے، اب نامزدگیوں کے داخلے کی شروعات کے ساتھ ہی توقع ہے کہ اس حلقے کے لئے کانگریس امیدوار کا نام بھی آج یاکل ظاہر کردیا جائے گا۔