کاروار 7؍مئی (ایس او نیوز) جیسے جیسے پولنگ کی تاریخ قریب سے قریب تر ہوتی جارہی ہے ، ویسے ویسے امیدواروں کے دل کی دھڑکنیں تیز سے تیز تر ہورہی ہیں۔ بینرس، اشتہارات اور جھنڈوں کی بھرمار لگانے کے بجائے امیدوار اور ان کے حامیوں کی طرف سے گھر گھر جاکر ذاتی ملاقات اورووٹ طلب کرنے کی مہم بڑے ہی پر امن ماحول میں انجام دی جارہی ہے۔مجموعی طور پر پورے ضلع شمالی کینرا میں تیز دھوپ اور گرمی کے باوجود انتخابی مہم پوری تیزرفتاری سے چل رہی ہے۔
انتخابی ضابطۂ اخلاق کے مطابق تشہیری مہم چلانے کے لئے ابھی دوتین دن کی ہی مہلت باقی ہے۔ اس لیے اگلے دو ایک دنوں میں تشہیری کام میں اور زیادہ شدت آنے کی توقع ہے۔ کہیں پر ریالی اور روڈ شو ہورہے ہیں تو کہیں امیدوار گاؤں اور قصبوں میں ووٹروں کے دروازوں پر دستک دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس مرتبہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطۂ اخلاق سختی کے ساتھ لاگو کرنے کا اثر یہ ہواہے کہ فلیکس، بینرس اور جھنڈے کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔مضافاتی علاقوں میں توبینرس اور امیدواروں کی تصاویر والے اشتہارات نہ ہونے کی وجہ سے ایسا محسوس ہی نہیں ہوتا کہ یہ الیکشن کا موسم ہے۔