بلیا، 28 اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی کی پارٹنر سہیلدیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بہت پسماندہ طبقات اب ان دھوکے میں نہیں آئیں گے۔اتر پردیش کے پسماندہ طبقات بہبود کے وزیر راج بھر نے ٹویٹ کر کے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگایا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پسماندہ طبقات نے جب ساتھ چھوڑ دیا تو وزیر اعظم مودی خود کو اوبی سی کابتانے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم انتہائی پسماندہ طبقات کے سہارے انتخابی نیا پار کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ بہت پسماندہ طبقہ ابھی بیدار ہو گیا ہے اور دھوکہ کھانے کے لیے تیار نہیں ہے۔راج بھر نے کہاکہ کتنے بھی اب آنسو بہا لیں،پسماندہ طبقہ ووٹ دینے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہت پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے سماجی انصاف کمیٹی کی رپورٹ لاگو کرنے کی مانگ کی، لیکن ریاست کی بی جے پی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔