ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو حج ویزا جاری کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا،عازمین کو گمراہ نہ کیا جائے -پرائیویٹ سفر حج اور زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے

پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو حج ویزا جاری کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا،عازمین کو گمراہ نہ کیا جائے -پرائیویٹ سفر حج اور زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے

Thu, 24 Dec 2020 10:59:45    S.O. News Service

بنگلورو،24؍ دسمبر(ایس او نیوز) حکومت سعودی عربیہ نے 10 دسمبرکے بعد سفرعمرہ کیلئے ویزے روک دئے ہیں - اس کے باوجود چند پرائیویٹ ٹورآپریٹرس نہ صرف سفرعمرہ کی بکنگ لے رہے ہیں بلکہ حج برائے 2021 کی بھی بکنگ کررہے ہیں جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو حج ویزے جاری کرنے کے سلسلہ میں حکومت سعودیہ عربیہ نے ابھی کوئی واضح پالیسی جاری نہیں کی ہے اس لئے اس مرتبہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سفر حج مشکوک نظر آتا ہے اس کے باوجود کئی ٹور آپریٹرس حج 2021 کی بکنگ لے کر سفرحج کا ارادہ رکھنے والے عازمین کو بے وقوف بنارہے ہیں -

کرناٹک اسٹیٹ حج آرگنائزرس اسوسی ایشن کے صدر الحاج شوکت علی سلطان اور دیگر عہدیداروں نے بھی یہ تصدیق کی ہے کہ اس مرتبہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ سفر حج مشکوک ہے کیونکہ حکومت سعودی عربیہ نے ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اس مرتبہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو حج ویزے جاری کئے جائیں گے یا نہیں - الحاج شوکت نے نمائندوں کو بتایا ہے کہ پچھلے دنوں سفرعمرہ کے ویزے اس شرط پر جاری کئے جارہے تھے کہ زائرین کو جدہ یا مکہ مکرمہ پہنچنے سے قبل 15دن دوبئی میں کورنٹائن ہونا پڑے گا -اس دوران ہوٹل میں صرف دو افراد کے قیام کی اجازت رہے گی- کورنٹائن کے بعد سفر روڈ کے ذریعہ ہوا تو صرف دو زائرین ہی کو ٹیکسی یا دوسری گاڑی میں سفرکرنے کی اجازت ہوگی مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں ایک کمرہ میں صرف دو زائرین کے قیام کی اجازت رہے گی -اس نوعیت کے سفرپر فی کس ڈھائی تا تین لاکھ روپئے خرچ آئے گا- عام زائرین کے لئے یہ سفر بہت مہنگا ہے اس کے باوجود چند ٹور آپریٹرس جھوٹے وعدے کرکے بکنگ لے رہے ہیں یہ درست نہیں -

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے صرف حج کمیٹی آف انڈیا کو حج برائے 2021 کیلئے درخواستیں لینے کی اجازت دی گئی ہے -اگر حالات پچھلے حج سیزن کی طرح رہیں گے تو سرکاری حج کمیٹیوں کا سفرحج منسوخ بھی ہوسکتاہے -انہوں نے بتایا کہ جب پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو حج 2021کیلئے ویزے جاری کرنے سے متعلق حکومت سعودی عربیہ واضح پالیسی جاری کرے گی تو سب سے پہلے اسوسی ایشن کو پتہ چلے گا تو اسوسی ایشن اس کی اطلاع میڈیا کے ذریعہ کرناٹک کے عازمین کو ضروردے گی-


Share: