پتور26 /اگست (ایس او نیوز) پتور کے ماتھا نامی علاقے میں چوری کی ایک ایسی واردات پیش آئی ہے جس میں گھر والے اپنے کمرے میں گہری نیند سوتے رہے اور چوروں نے بڑی آسانی کے ساتھ لاکھوں روپے مالیت کے زیورات او ر نقدی پر ہا تھ صاف کردیا، جس کی خبر گھر والوں کو صبح جاگنے کے بعد ہوئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق منگلورو اور بنگلورو نیشنل ہائی وے 75پر واقع ایتھمّا نامی خاوتون کے گھر میں آدھی رات کے بعد چوری کی یہ واردات پیش آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ واردات کی رات میں ایتھمّاشیٹی اپنے گھر پر نہیں تھی۔وہ ایک بیٹے کے گھر گئی ہوئی تھیں۔ اس کے دوسرے دو بیٹے، ایک بہو اور ان کے بچے گھر پر موجود تھے۔ رات 12بے تک گھر کے لوگ جاگ رہے تھے۔ پھر بہو، بچے اور دوبیٹے الگ الگ کمروں اور ہال میں سوگئے۔
صبح کے وقت جب بہو جاگی تو اس نے محسوس کیاکہ گھر کا پچھلا دروازہ ادھ کھلا پڑا ہے۔ گھر کا جائزہ لینے پر الماریوں سے زیورات اور نقد پانچ ہزار روپے چوری ہونے کی بات معلوم ہوئی۔ نقدی سمیت مسروقہ زیورات کی مالیت کا اندازہ 4لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ ابتدائی جانچ سے سمجھا جارہا ہے کہ گھر کی پچھلی دیوار میں موجود کھڑکی سے ہاتھ ڈال کر دروازے کی کنڈی نکالی گئی ہوگی اور چوروں نے کسی قسم کا نشہ آور اسپرے کیا ہوگا جس سے گھر والے گہری نیند سوگئے اور چور اپنا کام بڑی صفائی اور آسانی کے ساتھ انجام دے گئے۔
واردات کی خبر ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ پچھلے دروازے کے پاس پڑوسی گھر کے باتھ روم سے چرائی گئی ایک درانتی رکھی ہوئی ملی۔مگر گھر کے اطراف کہیں بھی کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو تفتیش کرنے میں کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس مکان سے ذرا دوری پر واقع شمبھاوی شیٹی نامی خاتون کے گھر پر 2015میں اسی انداز میں چوری کی واردات انجام دی گئی تھی۔اور شمبھاوی کے تقریباً چار لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور لیپ ٹاپ وغیرہ چرالیے گئے تھے۔ پولیس نے اس وقت بھی معاملہ درج تو کرلیا تھا، مگر ابھی تک اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔