نئی دہلی،09؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) منگل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کا زیادہ امکان ہے۔ رافیل سودے، سی بی آئی تنازعہ، کسانوں کے مسائل، اتر پردیش میں قانون و انتظام، بے روزگاری جیسے مسائل پر اپوزیشن کی طرف سے مودی حکومت کو گھیرنے کی تیاری کو دیکھتے ہوئے حزب اقتدار نے جوابی حکمت عملی میں رام مندر کے ایشو کو گرمانے کے لئے مکمل طور پر کمر کس لی ہے۔پارلیمنٹ سیشن شروع ہونے کے پہلے دن ہی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے والے ہیں جن کا اثر بھی دونوں ایوانوں کی کارروائی پر دکھائی دے گا۔ ان انتخابات پر بھی برسراقتدار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) اور اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کے درمیان گرما گرم بحث ہو سکتی ہے۔ اپوزیشن پارٹی اترپردیش میں قانون و انتظام کے مسئلے کو اچھالنے کی کوشش کر سکتی ہے۔ لیفٹ پارٹیاں کسانوں کے مسائل کو بھی ایوان میں اٹھانا چاہتی ہیں جن میں گنا کسانوں کی مشکلات غالب ہیں۔