رام نگرم،4؍جنوری(ایس او نیوز) ریاستی وزیر ایس سریش کمار گزشتہ روز طلبہ کیلئے استاد بنے اور ہر ایک طالب علم کے پاس پہنچ کر ان کے مسائل سنے،طلباء کی ہمت افزائی کی اور ان میں خوداعتمادی پیدا کی۔اسکولوں اورکالجوں کے آغاز کے پیش نظر وزیر تعلیم نے رام نگرم اورماگڑی تعلقہ کے مختلف اسکولوں کا رورہ کیااور طلباء کے ساتھ مباحثہ پروگرام منعقد کرکے حالات اور کووڈ کے تعلق سے کئے گئے احتیاطی اقدامات کے بارے میں جائزہ لیا۔
رام نگرم کے سرکاری گرلس کامپوزٹ پی یوکالج کے ہائی اسکول میں جس وقت وزیر موصوف داخل ہوئے، ٹیچر طلبہ کوسبق پڑھارہے تھے،وزیرتعلیم نے کلاس روم کے باہر ہی رک کر پوچھا کہ ”کیامیں اندر آسکتاہوں؟“یہ سوال سن کر اور وزیر موصوف کو دیکھ کر تھوڑی دیرکیلئے استاد اور طلباء حیران رہ گئے۔
وزیر تعلیم نے طالبات سے مخاطب ہوکر کہاکہ ایس ایس ایل سی امتحانات کب منعقد ہوں گے اس بات کو لے کر طلباء میں الجھن ہے۔کس ماہ میں امتحانات منعقد کئے جائیں تو بہتر ہے؟۔کیامارچ کے مہینے میں امتحانات منعقدکئے جائیں؟۔وزیر موصوف کے اس سوال پر طالبات نے کہاکہ جون نے مہینے میں امتحان منعقد کئے جائیں۔وزیر تعلیم نے کہاکہ کم سے کم اسباق کو ترجیح دی گئی ہے،اس بارے میں اعلیٰ افسروں اورماہرین تعلیم کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے فیصلہ کیاجائے گا۔طلبہ ہر گز ہمت نہ ہاریں اور پورے اعتماد کے ساتھ اسکول آئیں اور پڑھائی پر دھیان دیں۔
وزیر موصوف نے طالبات سے سوال کیاکہ تم میں کتنے لوگ رام نگرم ضلع کے ڈپٹی کمشنر بننا پسند کریں گے؟۔کسی بھی صورت میں تعلیم ترک نہ کریں اور صحت پر خصوصی توجہ دیں،اچھی غذا کا استعمال کریں۔انہوں نے کہاکہ کووڈ رہنماہدایات پر بھی سختی سے عمل کریں اور دوسروں میں بھی اس تعلق سے بیداری پیداکریں۔ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی طور پر کریں اور سماجی فاصلہ کی برقراری پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
وزیر موصوف نے اس سے قبل بڈدی کے سرکاری ہائر پرائمری اسکول،بسویشور اسکول کا بھی دورہ کیا۔بعد میں رام نگرم شہر میں واقع شانتی نکیتن اسکول،ماگڑی تعلقہ کے وی جی دوڈی کے سرکای ہائر پرائمری اسکول،ہوسپیٹ کے سرکاری ہائر پرائمری اسکول،باچیناہٹی کے سرکاری ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا۔اسی دوران رام نگرم میں بی ای او دفتر کے قریب زیر تعمیر اسکول کے تعمیری کام کابھی معائنہ کیااور مقامی رکن اسمبلی کے ساتھ تبادلہئ خیال کرکے اسکول کی عمارت کے افتتاح کیلئے تاریخ مقرر کرنے افسروں کو ہدایت دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایم ایس ارچناکے علاوہ محکمہ تعلیم کے افسر موجود تھے۔