نئی دہلی،09؍مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیرو مودی حوالگی کیس میں حکومت ہند کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔برطانیہ کے داخلہ سکریٹری نے نیرو مودی کی حوالگی کی فائل کو لندن کے ویسٹ منسٹر کورٹ میں منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دو دن پہلے برطانیہ داخلہ آفس نے ویسٹ منسٹر کورٹ کو فائل بھیجی تھی، جس کے بعد معاملے کی جانچ کے بعد نیرومودی کی گرفتاری کے لئے وارنٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستانی ایجنسیوں کو واقعات کی معلومات ہے۔ای ڈی ذرائع کی بنیاد پر وزارت خارجہ نے برطانیہ کے داخلہ سکریٹری کے سامنے حوالگی کے لیے ستمبر، 2018 میں درخواست دی تھی،اس کے بعد سے یہ معاملہ زیر التوا تھا۔بتا دیں کہ وجے مالیا کا کیس بھی ویسٹ منسٹر کورٹ میں چلا،اسی عدالت نے مالیا کی حوالگی کا حکم دیا تھا۔13 ہزار کروڑ کے گھوٹالے کا ملزم نیرو مودی قریب سال بھر بعد پہلی بار نظر آیا ہے،جمعہ کو لندن کی سڑکوں پر یہ گھوٹالے باز بے فکر گھومتا نظر آیا۔انگریزی اخبار ٹیلیگراف نے نیرو مودی کو کیمرے پر پکڑا،گھوٹالے باز سے سوال پوچھے تو وہ بغیر جواب دیا پلہ جھاڑتے نکل گیا،داڑھی بڑھی ہوئی ہے، وزن بھی بڑھ چکا ہے، لیکن غرورا بھی وہی پرانا ہے۔پنجاب نیشنل بینک کو کنگال کر دینے والا نیرو مودی جنوری 2018 سے سے غائب تھا۔اس دوران اس کے دنیا کے مختلف حصوں میں ہونے کی خبریں آتی رہیں، لیکن وہ ملا قریب سال بھر بعد وہ وہیں ملا جہاں ایک اور مفرور وجے مالیا موجود ہے۔ نیرو مودی کے ساتھ اس کے ماما میہل چوکسی کے خلاف کھربوں کے گھوٹالے میں برابر کا شریک ہونے کا الزام ہے۔یہ گھوٹالہ میڈیا کی سرخیاں بننے کے بعدنیرو اور میہل دونوں ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔قریب 6 ماہ پہلے میہل چوکسی تو بیرون ملک ایک پروگرام میں دکھا، لیکن نیرومودی تب سے پہلی بار کل دکھا ہے۔ہندوستانی حکومت اس کا پاسپورٹ منسوخ کر چکی ہے اور یو اے ای کے علاوہ کئی یورپی ملکوں کو اس حوالگی کیلئے لکھ چکی ہے، لیکن نیرو مودی واقعی کس ملک میں چھپا تھا، یہ اب جاکر پتہ چلا ہے۔