کوٹہ،26؍اپریل (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے آج یہاں دعویٰ کیا کہ‘نیائے ’یوجنا سے معیشت بگڑنے کی بجائے مضبوط ہوگی اور غریبوں کو انصاف ملے گا۔راہل گاندھی نے آج یہاں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں نے جب سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے پوچھا کہ نیا ئے یوجنا سے معیشت بگڑ سکتی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اس سے معیشت مضبوط ہوگی کیونکہ لوگوں کی جیب میں پیسہ آنے پر لوگ خرید اری کرسکیں گے اور کارخانے پھر سے کھل جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی اور نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے لوگوں کی جیب میں پیسہ نہیں رہا اور کارخانے بند ہونے کے ساتھ معیشت بگڑ گئی۔انہوں نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ دس دن میں پورا کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح اقتدار میں آنے پر نیائے یوجنا کو نافذ کیا جائے گا۔ گاندھی نے کہا کہ نیائے یوجنا کا پیسہ درمیانہ طبقہ سے نہیں وصول کیا جائے گا بلکہ انل امبانی، میہول چوکسی کی جیب سے نکالا جائے گا جو بینکوں کا 55ہزار کروڑ روپے لے کر فرار ہوگئے۔ راہل گاندھی نے کوٹہ میں ہوائی اڈہ بنانے کی سخت ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شہر میں ہوائی اڈہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ اشوک گہلوٹ سے ہوائی اڈہ کے لئے زمین دلانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ زمین ملنے پر یہاں ہوائی اڈہ ضرور بنے گا۔راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کی حکومت آنے پر نوجوان انٹرپرینرس کو کارخانہ لگانے کے لئے حکومت سے اجازت کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے زیادہ سے زیادہ صنعت اور دھندے کھڑے کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کو روزگار ملے گا اور بے روزگاری مٹے گی۔انہوں نے پارلیمنٹ اور اسمبلی کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کو 33فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی دہرایا۔ انہوں نے کہاکہ نیائے یوجنا کے چھ ہزار روپے ہر مہینے خواتین کے اکاونٹ میں ڈالے جائیں گے۔