ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نرسری ایڈمیشن2021: جولائی تک نہیں کھلیں گے دہلی کے اسکول 

نرسری ایڈمیشن2021: جولائی تک نہیں کھلیں گے دہلی کے اسکول 

Wed, 23 Dec 2020 21:05:52    S.O. News Service

نئی دہلی،23 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)کورونا وبا کی وجہ سے نو ماہ سے ملک میں اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند ہیں۔ کئی ریاستوں میں تمام شرائط کے ساتھ  9ویں اور12ویں تک کے اسکول کھولے گئے ہیں۔ اس دوران دہلی حکومت اسکول کھولنے پر غور نہیں کررہی ہے۔

حکومت کی طرف سے موصول اطلاعات کے مطابق دہلی میں جولائی سے پہلے اسکول کے کھلنے کا امکان نہیں ہے۔ اسی لئے کہا جارہا ہے کہ 2021-22 کے تعلیمی سیشن میں نرسری میں داخلہ منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دہلی میں جولائی سے پہلے اسکول کھولنے کا امکان بہت کم ہے۔

وزیر تعلیم نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ہم فروری تک لوگوں کو ویکسین دینا شروع کردیں تب بھی اسکول کھولنے کا فیصلہ فوری طور پر نہیں لیا جاسکتا۔ منیش سسودیا نے کہا کہ ہمیں ابھی بھی اس سمت میں کام کرنا ہے کہ اساتذہ اور بچوں کو خطرے میں ڈالے بغیر امتحانات کا انعقاد کیسے کیا جائے۔ کہا جارہا ہے کہ دہلی حکومت اگلے سال دو بیچ میں داخلے کا عمل شروع کرے گی۔

منیش سسودیا نے بتایا ہے کہ نرسری داخلہ امتحان کومنسوخ کرنے اور جولائی سے پہلے اسکول نہ کھولنے پر غور کیا جارہا ہے اور جلد ہی یہ تجاویز نجی اسکولوں کو بھیجی جائیں گی۔ حکومت کی اس تجویز کے مطابق اگلے سال اسکولوں میں ایک کے بجائے دو بیچ میں داخلہ لیا جائے گا۔ ایک بیچ نرسری میں ہوگا جبکہ دوسرا بیچ کنڈرگارٹن میں ہوگا۔ واضح رہے کہ پورے ملک کی طرح دارالحکومت دہلی میں بھی تمام اسکول اور کالج لاک ڈاؤن کے وقت سے ہی بند کئے گئے تھے۔ انلاک عمل کے بعد ہمسایہ ریاستوں نے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن دہلی حکومت اب بھی بچوں کا خطرہ مول لینے سے گریز کر رہی ہے۔


Share: