نئی دہلی، 11 مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سرخیوں میں چھائے نتیش کٹارا قتل کیس کے مجرم وکاس یادو کی 25 سال جیل کی سزا کم کئے جانے والی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے جمعہ کو سماعت کی۔اس معاملے میں کورٹ نے وکاس یادو کی پیرول درخواست پر سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا ہے۔اس سے پہلے سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نتیش کٹارا قتل کے اہم گواہ اجے کٹارا کی سکیوریٹی جائزہ ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا فرمان سنایا تھا۔نتیش کٹارا قتل میں یوپی کے بااثر لیڈر ڈی پی یادو کے بیٹے وکاس یادو اور وشال یادو مجرم قرار دیے گئے تھے۔ان کے علاوہ سکھدیو پہلوان کو بھی عدالت نے مجرم پایا تھا۔اس کے بعد اس قتل کے گواہ اجے کٹارا کو مسلسل دھمکیاں ملتی رہی،جس کی وجہ سے انہوں نے خود کو جان کا خطرہ بتاتے ہوئے سیکورٹی مہیا کرانے کی مانگ کو لے کر کچھ وقت پہلے ہی سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی،جس پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے وزارت داخلہ، دہلی پولیس اور یوپی حکومت کو اپنا جواب داخل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔اجے کٹارا کا الزام ہے کہ ملزم 8 بار ان پر جان لیوا حملہ کر چکے ہیں۔اکتوبر2017 میں سپریم کورٹ نے اس کیس کے مجرم وکاس، وشال یادو اور سکھدیو پہلوان کی عرضی پر سماعت کرنے کے بعد ان کی سزا 5 سال کم کر دی تھی۔سپریم کورٹ نے وکاس یادو اور وشال یادو کی سزا کو 30 سال سے کم کرکے 25 سال کر دیا۔وہیں قتل کے تیسرے مجرم سکھدیو پہلوان کی سزا کو بھی 25 سال سے کم کرکے 20 سال کر دیا گیا۔اس سے پہلے دہلی ہائی کورٹ نے ملزم وکاس اور وشال یادو کو قتل کا قصوروار مانتے ہوئے 25 سال اور سکھدیو پہلوان کو 20 سال کی سزا سنائی تھی۔وہیں تینوں ملزمان کو ثبوت مٹانے کے لئے 5 سال کی اضافی سزا سنائی گئی تھی۔اس طرح وکاس اور وشال کو 30 سال اور سکھ دیو کو 25 سال تک جیل میں رہنا پڑتا۔سزا پر بحث کے دوران وکاس یادو کی جانب سے دلیل دی گئی تھی کہ قتل کے معاملے میں پھانسی یا پھر عمر قید کی سزا کا قانون ہے۔سزا میں چھوٹ دینے کا حق صرف ایگزیکٹیو کے پاس محفوظ ہے اور ایسے میں اس میں دخل نہیں دیا جا سکتا۔وہیں استغاثہ کی جانب سے سینئر ایڈووکیٹ دیان کرشنن نے دلیل دی تھی کہ سپریم کورٹ کی ایک بڑی بنچ شردھانند کے کیس میں اس بات کی وضاحت کر چکی ہے کہ، عدالت سزا میں رعایت دینے کے بارے میں مدت طے کر سکتی ہے۔بتاتے چلیں کہ نتیش کٹارا کا قتل سال 2002 میں 16-17 فروری کی درمیانی رات کو دہلی میں کیاگیاتھا۔دراصل نتیش کے دبنگ لیڈر ڈی پی یادو کی بیٹی بھارتی یادو سے محبتی تعلقات تھے، جن سے بھارتی کا بھائی وکاس یادو خوش نہیں تھا،وکاس نے اپنے کزن وشال یادو اور سکھدیو پہلوان کے ساتھ مل کر نتیش کو قتل کر دیا تھا۔