بھٹکل 8/فروری (ایس او نیوز) جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا محمداقبال مُلا ندوی کے مکان پر آج علی الصبح ایک نامعلوم شخص کو پستول تانے دیکھنے کی خبر پھیلتے ہی شہر بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ہرکوئی ایک دوسرے سے سوال کرتا پایا گیا کہ کثیر مسلم آبادی سے گھرے مدینہ کالونی علاقہ میں واقع مولانا کے مکان پر پستول لے کر آخر کون پہنچ سکتا ہے۔
مولانا کے گھروالوں نے بتایا کہ صبح قریب 4:45 بجے مولانا کی اہلیہ محترمہ سعادت آرمار ہال کی ایک کرسی پر بیٹھی قران شریف تلاوت کررہی تھی کہ اچانک کھڑکی سے ایک شخص نے ہاتھ اندر ڈالتے ہوئے پستول تاننے کی کوشش کی، چونکہ محترمہ جاگ رہی تھی، کھڑکی کے پاس آواز آتے ہی مڑ کر دیکھا اور پستول والا ہاتھ اندر آنے کی حرکت دیکھتے ہی چینخ نکل گئی۔ چینختے ہی متعلقہ شخص دیوار پھاند کر فرار ہوگیا۔آواز سن کر مولانا کے بچے بھی جاگ کر باہر آگئے۔ مولانا اقبال مُلا ندوی صاحب نے بتایا کہ اس موقع پر وہ اپنے کمرے میں جاگ رہے تھے لیکن نیند کی حالت میں تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی سمیت کافی ذمہ داران قاضی صاحب کے مکان پر پہنچ گئے اور تفصیلات سے آگاہی حاصل کی، بعد میں بھٹکل ٹاون پولس تھانہ پہنچ کر انچارج ڈی وائی ایس پی ارویند کلگوجّی سے واقعے کی شکایت درج کرائی۔ خبر پھیلتے ہی پولس تھانہ کے باہر کافی لوگ جمع ہوگئے، بعد میں قاضی صاحب کے مکان پر بھی لوگ جمع ہوگئے اور تفصیلات حاصل کرنے لگے۔
شکایت ملتے ہی ڈی وائی ایس پی ارویند کلکوجّی ، سرکل انسپکٹر پرکاش اور دیگر پولس اہلکار سیدھے مولانا کے مکان پہنچے اور جائزہ لیا ، پتہ چلا ہے کہ اطراف میں واقع کسی بھی مکان میں سی سی ٹی وی نہیں ہے، البتہ خبر ملی ہے کہ نیشنل ہائی وے پر واقع ایک مکان پر لگی سی سی ٹی وی پر ایک بائک کی تصویر قید ہوگئی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ مولانا کے مکان والے روڈ پر سے ایک بائک صبح 4:47 بجے نیشنل ہائی وے کی طرف باہر آرہی ہے۔ پولس دیگر مکانوں میں واقع سی سی ٹی وی کوبھی کنگالنے کی کوشش کررہی ہے۔جبکہ پاس پڑوس کے لوگوں سے بھی معلومات جُٹانے میں لگی ہوئی ہے۔
