ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور میں بی جے پی کو بغاوتوں کا سامنا، پارٹی دفاتر میں توڑ پھوڑ

منی پور میں بی جے پی کو بغاوتوں کا سامنا، پارٹی دفاتر میں توڑ پھوڑ

Mon, 31 Jan 2022 12:41:37    S.O. News Service

 گوہاٹی، 31؍ جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی)  منی پور  میں اسمبلی الیکشن کیلئے امیدواروں کی فہرست جاری کرتے ہی   بی جے پی کو بڑے پیمانے پر احتجاج اور بغاوتوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ ٹکٹ  نہ ملنے پر جہاں کئی سابق وزیروں،  موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی اور  پارٹی ذمہ داروں  کےمستعفی ہوجانے کی اطلاعات مل رہی ہیں وہیں دوسری جانب ان کے حامیوں  نے منی پور کے مختلف علاقوں میں پارٹی کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی۔

 سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصویروں  میں لوگوں کو وزیراعظم مودی  ،وزیراعلیٰ بیرن سنگھ    اور دیگر لیڈروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ حالات کو دیکھتے ہوئے امپھال میں بی جےپی کے دفتر میں سیکوریٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع سے ملنےوالی اطلاعات کے مطابق کانگریس سے بغاوت کرکے آنے والے لیڈروں کو ٹکٹ دینے کیلئے پارٹی کے پرانے لیڈروں کو امیدوار نہ بنانے کی وجہ سے ریاست بھر میں بی جےپی کے پرانے کارکنوں   اور لیڈروں میں برہمی پھیل گئی ہے۔

  بی جےپی نے ریاست کیلئے 60؍  امیدواروں کی  جو فہرست جاری کی ہے اس میں کانگریس چھوڑ کر زعفرانی  پارٹی میں آنےو الے 10؍ لیڈر شامل ہیں۔   پارٹی  کے دو سٹنگ ایم ایل اے کےٹکٹ کٹ گئے ہیں۔


Share: