ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو:گروپور میں منڈلارہا ہے مزید پہاڑی کھسکنے کا خطرہ۔ قریبی گھروں کو کروایا گیاخالی۔ مکینوں میں مایوسی اور دہشت کا عالم

منگلورو:گروپور میں منڈلارہا ہے مزید پہاڑی کھسکنے کا خطرہ۔ قریبی گھروں کو کروایا گیاخالی۔ مکینوں میں مایوسی اور دہشت کا عالم

Tue, 07 Jul 2020 13:53:00    S.O. News Service

منگلورو7/جولائی (ایس او نیوز) گروپور میں اتوار کے دن بنگلے گُڈے میں پہاڑی کھسکنے سے جہاں  تین  مکان زمین بوس اور دو بچے، صفوان (16سال) اور سہلہ (10سال) جاں بحق ہوگئے تھے وہاں پر مزید پہاڑی کھسکنے کا خطرہ لوگوں کے سر پر منڈلا رہا ہے۔

اطلاع کے مطابق بنگلے گُڈے کے علاوہ ماتا گُڈے میں بھی زمین کھسکنے کی حالت میں ہے۔ اس پورے علاقے میں 180مکانات ہیں جن میں سے کم از کم 40گھر پوری طرح خطرے کی زد میں آگئے ہیں۔ سرکاری انتظامیہ کی طرف سے یہا ں کے مکینو ں کو اتوار کی شام اور پیر کی صبح میں دوسرے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔عارضی طورپر ان لوگوں کو گورپور اسکول، پی یو کالج اور ہاسٹل میں رکھا گیا ہے۔ کچھ مکینوں کو آشریہ سینٹرس میں بھی رکھا گیا ہے۔جبکہ ریوینیو محکمے کی طرف سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر خطرے کی وجہ سے گھر خالی کرنے والے خاندان کرایے کے مکان میں رہنا چاہیں گے تو سرکاری طور پر کرایے کے لئے 2,500روپے کی رقم دی جائے گی۔

 لیکن پہاڑی کھسکنے کے خطرے کی وجہ سے مکانات خالی کرنے کے بعد یہاں کے مکین سخت مایوسی اور دہشت کے عالم میں ہیں، کیونکہ انہیں بے گھر ہونے کی فکر ستارہی ہے۔ وہ سرکار کی جانب سے مناسب راحت کی آس لگائے بیٹھے ہیں،لیکن ان کی امیدیں کس حد تک پوری ہونگی اس کا کوئی تیقن دینے والا نہیں ہے۔ادھر وزیراعلیٰ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ہلاک ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ پہاڑی کھسکنے سے جو لوگ بے گھر ہونگے انہیں نئے مکان فراہم کیے جائیں گے۔

 دوسری طرف  ریاستی وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے اس المیہ میں ہلاک ہونے والے دو بچوں کے خاندان کو فی کس 5لاکھ روپے دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس کو فوری طور پر پورا کیا گیا ہے۔ ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری نے پیر کے دن ان دونوں  خاندان کوپانچ پانچ لاکھ روپے کے چیکس دئے۔اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر سندھو بی روپیش اور رکن اسمبلی اوما ناتھ کوٹیان وغیرہ موجود تھے۔
 


Share: