ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: الال اور سومیشور بیچ پر پلاسٹک کا استعمال ممنوع - خلاف ورزی کرنے والوں پر ہوگی کارروائی 

منگلورو: الال اور سومیشور بیچ پر پلاسٹک کا استعمال ممنوع - خلاف ورزی کرنے والوں پر ہوگی کارروائی 

Wed, 03 Nov 2021 20:05:11    S.O. News Service

منگلورو،3؍نومبر (ایس او نیوز) الال اور سومیشور ساحلوں کی دیکھ ریکھ کرنے والی انتظامیہ نے دونوں ساحلوں کو صاف ستھرا اور آلودگی سے  پاک رکھنے کے لئے کڑے اقدامات کیے ہیں ، جس کے تحت ان ساحلوں پر پلاسٹک  کے استعمال کو مکمل طور پر ممنوع قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ الال ساحل کے قریب مشہور سید مدنی درگاہ واقع ہے جبکہ سومیشور ساحل کے قریب سومناتھا مندر ہے ۔ اس طرح یہ مقامات تاریخی اور مذہبی نوعیت سے بڑے اہم مانے جاتے ہیں ۔ ان مقامات  پر حاضری کے بعد زیادہ تر زائرین اپنے گھروں کو لوٹنے سے پہلے ساحلوں کی سیر کرتے ہیں ۔ یہ زائرین اپنے ساتھ  پلاسٹک ڈبوں میں کھانے پینے کا سامان اور پانی اور مشروبات کی بوتلیں لاتے ہیں اور انہیں استعمال کرنے کے بعد ساحلوں پر پھینک دیتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ساحل پر آئس کریم ، چائے، آملیٹ وغیرہ بیچنے والے بھی  پلاسٹک کی اشیاء استعمال کرتے ہیں ۔ اس طرح ان ساحلوں پر کچرے کا ڈھیر لگ جاتا ہے۔

کچھ تنظمیں رضاکارانہ  طور پر کبھی کبھار ساحلوں کی صفائی کی مہم چلاتی ہیں ، مگر عام طورپر  یہاں ہر وقت کچرے کے انبار نظر آتے ہیں ۔  اس مسئلہ کا مستقل حل نکالنے کی نیت سے اب انتظامیہ نے ان علاقوں کو "پلاسٹک فری زون " قرار دیا ہے ۔ اس کے علاوہ وہاں  پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے ہاکروں کو پلاسٹک کی اشیاء استعمال نہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ انتظامیہ کی ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھنے کے لئے عملہ کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔


Share: