منگلورو،24؍ جنوری (ایس او نیوز) کنڑا ادب کی تاریخ میں بہت ہی معروف اور قابل احترام سمجھی جانے والی شخصیت نندالیکے لکشمی نارائنپّا عرف مُدّنّا کی یاد میں مرکزی حکومت کی طرف سے 150 روپے کا جو سکّہ بنایا گیا ہے اس کو رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے سرکیوٹ ہاوس میں علامتی طور پر جاری کیا۔
1870 سے1901 تک محض31 سال کی کم عمر پانے اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کی خدمات انجام دینے والے مُدّنّا نے کنڑا ادب کو مالا مال کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے 'رتنا وتی کلیانا'، 'سری رام پٹابھیشیکا'، 'ادبھت راماینا' اور 'سری رامیشوا میدھا' جیسی بیش بہا کتابیں تصنیف کی ہیں۔
امسال 24 جنوری کارکلا تعلقہ کے نندالیکے گاوں کے رہنے والے مُدّنّا کا 150 واں یوم پیدائش ہے اور اسی مناسبت سے مُدّنّا کے اعزاز میں مرکزی حکومت نے یہ 150 روپے کا سکّہ جاری کیا ہے ۔ اس سکہ کا وزن 35 گرام ہے اوراسے 44 سینٹی میٹر کے دائرے میں چار دھاتوں کی آمیزش سے ڈھالا گیا ہے ۔ سکہ کے ایک طرف مُدّنّا کی تصویر کندہ کی گئی ہے۔