ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : الگ الگ حادثات میں طالب علم سمیت 4 افراد ہلاک

منگلورو : الگ الگ حادثات میں طالب علم سمیت 4 افراد ہلاک

Tue, 10 May 2022 18:54:43    S.O. News Service

منگلورو 10/ مئی (ایس او نیوز) جنوبی کینرا کے مختلف مقامات پر پیش آئے حادثات میں ایک طالب علم سمیت چار افراد ہلاک ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے ۔     پہلا حادثہ منگلورو نیشنل ہائی وے 66 پر واقع کنٹیکا میں پیش آیا جس میں اسکوٹر نے بس کو پیچھے سے ٹکر ماری اور اس کے نتیجہ میں عرفان (28سال) کی موت واقع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اے جے اسپتال کے پاس ایک پرائیویٹ  بس نے اچانک بریک لگا دئے جس کی وجہ سے عرفان کی اسکوٹر بے قابو ہو کر بس سے ٹکرا گئی ۔ شدید زخمی حالت میں عرفان کو اسپتال لے جایا  گیا مگر اس نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔

    دوسرا حادثہ بیلتنگڈی میں شاردا نگر کے پاس پیش آیا جہاں بائک پھسل کر گرنے سے یشودھر دیواڈیگا (30سال) ہلاک ہوگیا ۔ حادثہ میں بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار اشوک نامی نوجوان زخمی ہوگیا جسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ 

    تیسرا حادثہ کارکلا میں کدرے مکھ ہائی وے پر پیش آیا جس میں کالج  ٹور پر نکلی ہوئی بس پلٹ گئی اور اس کے نتیجہ میں دھارواڑ سے تعلق رکھنے والے  ہیمنت (24 سال) نامی طالب علم کی موت واقع ہوگئی ۔ اس کے علاوہ کئی طالب علم زخمی ہوگئے جن کو کارکلا سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔

    چوتھا حادثہ مُلکی میں نیشنل ہائی وے 66 پر پیش آیا ۔ یہ ایک سیریئل حادثہ تھا جس میں شدید زخمی ہونے والا اسکوٹر سوار موہن گوڈا (50 سال) ہلاک ہوگیا ۔ جبکہ اس کے ساتھ سواری کرنے والا لڑکا چرن راج معمولی طور پر زخمی ہوا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اڈپی سے منگلورو کی طرف جا رہی کار سے اسکوٹر ٹکرا گئی اور حادثہ سے بچنے کی کوشش میں کار بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی ہوئی ہائی وے پٹرول وین  سے ٹکرا گئی ۔ ہائی وے پٹرول گاڑی میں موجود عملہ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا ۔ اس حادثہ کی وجہ سے کچھ دیر کے ٹریفک میں خلل پڑا ۔ 
 


Share: