منگلورو،21؍اپریل (ایس او نیوز) منگلورو اور اڈپی ضلع میں 300پٹرول بنک مالکوں نے یہ طے کرلیا ہے کہ ماسک نہ پہنے ہوئے موٹر گاڑی والے کو پٹرول فروخت نہیں دیا جائے گا۔اس کا مقصد لوگوں کو باہر نکلتے وقت لازمی طور پر ماسک پہننے پر آمادہ کرنا ہے، کیونکہ کورونا وباء کی شدت دیکھتے ہوئے بھی کچھ لوگ ماسک پہننے کی پابندی نہیں کر رہے ہیں۔
’نو ماسک۔ نوپٹرول‘ کی اس مہم کے لئے آل انڈیا پٹرول ڈیلرس ایسوسی ایشن، کرناٹکا پٹرول مرچنٹس ایسو سی ایشن اور دکشن کنڑا اینڈ اڈپی ڈسٹرکٹ پٹرول وینڈرس ایسوسی ایشن نے مشترکہ طور پر حمایت کا اعلان کیا ہے۔
دکشن کنڑا اینڈ اڈپی ڈسٹرکٹ پٹرول وینڈرس ایسو سی ایشن کے صدر پی وامن پائی کے مطابق پٹرول بنک پر ڈیوٹی کرنے والے ملازمین کو حفاظتی ماسک اور دیگر اشیاء فراہم کی گئی ہیں، لیکن انہیں ان گاہکوں کی طرف سے خطرہ رہتا ہے جومختلف علاقوں سے گزر کر بغیر ماسک کے پٹرول لینے کے لئے آتے ہیں۔اس لئے اب پٹرول انہیں گاہکوں کو دیا جائے گا جو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کریں گے۔اس مہم کا مقصد پٹرول بنک کے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنا بھی ہے۔