بنگلورو،10؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست کرناٹک میں 3نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جے ڈی ایس کے ساتھ انتخابی سمجھوتہ کرنے کے تعلق سے کانگریس لیڈرو ں نے آج جے ڈی ایس کے سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا کے ساتھ اہم بات چیت کی ہے ۔منڈیا لوک سبھا حلقہ اور رام نگرم اسمبلی حلقہ جے ڈی ایس کیلئے چھوڑ دینے پر کانگریس لیڈروں نے اتفاق کیا ہے ۔ اس معاملہ میں پارٹی ہائی کمان سے بات کرکے حتمی فیصلہ کاباقاعدہ اعلان کیاجائے گا۔ اس ضمن میں آج کے پی سی سی دفتر میں کانگریس لیڈروں کی ایک بیٹھک ہوئی جس میں سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ،کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ ، کار گزار صدر ایشور کھنڈرے ،اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال ،اے آئی سی سی کے سکریٹری وشنو ناتھن ایشو متی تھاکر ،مدھو یا کشی گوڈا ، ریاستی وزیر ڈی کے شیو کمار ، رکن پارلیمان ڈی کے سریش نے شرکت کی۔اس بیٹھک میں گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگر کانگریس نے منڈیا اور رام نگرم کے حلقے جے ڈی ایس کو چھوڑ دےئے تو بلاری اور جمکھنڈی حلقوں کو کانگریس کیلئے بچانا آسان ہوگا۔شیموگہ پارلیمانی حلقہ میں کانگریس امیدوار کو کھڑا کرنے پر بھی بیٹھک میں اتفاق ہوا ہے ۔ حالانکہ جے ڈی ایس نے بھی اس سیٹ کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں بھی دیوے گوڈا سے بات چیت کرکے مسئلہ حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔