بھٹکل 16 نومبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے منڈگوڈ میں ایک کار بے قابو ہوکر جھیل میں جاگرنے سے کار پر سوار میاں اور بیوی دونوں ہلاک ہوگئے۔ حادثہ اُس وقت سامنے آیا جب پیر کی صبح چہل قدمی کے لئے نکلے لوگوں نے ایک کار کو جھیل میں اوندھے منہ گری ہوئی دیکھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی منڈگوڈ پولس جائے وقوع پر پہنچی اور فائر بریگیڈ کی مدد سے کار کو باہر نکالا ۔ جس کے دوران کار کے اندر سے ایک نعش برآمد ہوئی جبکہ خاتون کی نعش کار کے باہر جھیل سے نکالی گئی۔
مرنے والوں کی شناخت بنگلور یلہنکا پولس تھانہ میں وائرلیس کی خدمات انجام دینے والے راجو ورگیس ( 50) اور ان کی اہلیہ بلسی راجو کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق راجو اور بلسی اپنے قریبی رشتہ دار کی موت واقع ہونے پر آخری رسومات میں شریک ہونے اتوار کو منڈگو ڈ کے کرولّی قصبہ جانے کے لئے نکلے تھے، رات 11:30 بجے آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد رات زیادہ ہونے کی وجہ سے رات گذارنے کے لئے بلسی کے گھر جانے کے لئے منڈگوڈ تعلقہ کے اندور کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ کار بلسی چلارہی تھی جس کے دوران کار منڈگوڈ کے اماّ جی جھیل میں جاگری۔ ذرائع کے مطابق جائے وقوع کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ کار جھیل میں گرنے کے بعد بلسی نے کار کا دروازہ کھول کر باہر آنے کے بعد اپنے آپ کو بچانے کی کافی کوشش کی ہوگی ، مگر وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اس کی نعش جھیل سے برآمد کی گئی، جبکہ اس کے شوہر راجو کی نعش کار کے اندر پائی گئی۔
منڈگوڈ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
