بنگلورو، 5؍ستمبر (ایس او نیوز) سنٹرل کرائم برانچ پولیس نے منشیات کے پھیلاؤ کے مشتبہ جال کے معاملے میں کنڑا فلموں کی اداکارہ راگینی دیویدی کو گرفتار کر لیا ہے۔ تاحال اس معاملے میں چار افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ سب سے پہلے راگینی کا دوست اور آر ٹی اوکلرک روی شنکر، دوسرا سنجناگ گلرانی نامی اداکارہ کا قریبی دوست راہل شیٹی ، تیسرا ریرن کھنہ ، پہلے گرفتار ہوئے ہیں۔ اب راگینی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
پولیس کمشنر کمل پنتھ نے کہا کہ انہوں نے منشیات کے معاملے میں کاٹن پیٹ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا ہے۔ منشیات کی فراہمی اور فروخت کے بارے میں کئی لوگوں کے ملوث ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ جمعہ کی صبح راگینی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا ، تو وہاں گانجہ بر آمد ہوا ۔ یہ گانجہ سگریٹوں میں بھرا گیا تھا ۔
سی سی بی جو ائنٹ کمشنر سندیپ پاٹل نے کہا کہ تفیش جاری ہے اور مزید اطلاعات فراہم نہیں کی جاسکتی ۔ دریں اثناء راگینی کے وکیلوں نے پیشگی ضمانت کی عرضی شام میں سٹی سیول کورٹ میں دائر کردی ہے۔ عدالت نے اگلی سماعت 7 ؍ستمبر کو رکھی ہے، کنڑا سینما ’’سینڈل ووڈ‘‘ کی معروف اداکارہ راگینی دیو یدی کے گھر پر جمعہ کی صبح سی سی بی پولیس نے چھا پے مارے اور منشیات کے تاجروں سے مبینہ رابطوں اور منشیات کے پھیلاؤ کے شبہ میں متعدد گھنٹوں تک معائنہ کیا گیا ۔ راگینی کے موبائل ضبط کر کے اہم اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ راگینی سے پوچھ تاچھ میں تعاون نہ ملنے کے سبب ان کو حراست میں لے کر تفتیش کی جائے گی ۔ صبح سویرے شروع ہوئے چھاپے صبح 10:15 بجے تک بھی جاری رہے ۔ گھر کے کو نے کونے کی تلاشی لینے کے بعد چند اہم دستاویزات بر آمد ہوئے ہیں۔
بعد ازاں راگینی کو سی سی بی دفتر لے جایا گیا وہاں مزید پوچھ تاچھ جاری ہے۔ 3؍ستمبر کو ہی سی سی بی دفتر میں حاضری کا نوٹس دیا گیا تھا تاہم راگینی نے اس کیلئے مزید مہلت طلب کی تو یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی اور جمعہ ہی کو حاضر ہونے کا نوٹس دیا گیا تھا ۔ اس سے قبل صبح ہی میں سی سی بی نے گھر پر چھاپے ماردئے ۔ راگینی کے قریبی ساتھی روی شنکر کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ سے ملی اہم اطلاعات کے بعد یہ چھاپے مارے گئے ۔ مزید اداکارؤں کے نام کا انکشاف بھی ممکن ہے۔