ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملک کا آئین خطرے میں تحفظ کے ذمہ دار ادارے ہی آئین کو ختم کرنے پر آمادہ: ڈاکٹر ادت راج

ملک کا آئین خطرے میں تحفظ کے ذمہ دار ادارے ہی آئین کو ختم کرنے پر آمادہ: ڈاکٹر ادت راج

Sat, 28 Nov 2020 12:48:23    S.O. News Service

نئی دہلی، 28؍نومبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) ملک کے آئین پر خطرہ قرار دیتے، ای وی ایم اور نج کاری کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے آل انڈیا کنفیڈریشن آف شیڈولڈکاسٹ و ٹرائب کے قومی صدر، کانگریس کے قومی ترجمان اور سابق رکن پارلیمنٹ ادت راج نے دعویٰ کیا کہ جن اداروں کی ذمہ داری آئین کا تحفظ کرنا تھا وہی آج آئین کو ختم کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں -انہوں نے یہ بات جاری ایک ریلیز میں کہی ہے -یوم آئین کے موقع پر آل انڈیا کنفیڈریشن آف شیڈیولڈ کاسٹ و ٹرائب کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے ڈاکٹر اُدت راج نے کہا کہ26نومبر 1949کو آئین ہند نافذ ہوا، لیکن آج ملک کا آئین خطرے میں ہے اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ جن اداروں کو آئین کا تحفظ کرنا ہے، آج وہی آئین کو ختم کرنے پر آمادہ نظر آتے ہیں - ایسے وقت میں آئین کو بچانے کے لئے سڑک پر اترنے کی ضرورت ہے - اسی لئے ہم نے مظاہرے کے لئے یوم آئین کا انتخاب کیا- آج دہلی سمیت ملک کی متعدد ریاستوں کے دارالحکومت میں آئین کے ماڈل کے ساتھ لاکھوں افراد سڑک پر نکل آئے ہیں -ڈاکٹر ادت راج نے الزام لگایا کہ حکومت نجکاری کے ذریعہ ریزرویشن کو ختم کرکے ملک کے دلت پسماندہ اور قبائلیوں کے حقوق کو ختم کرنا چاہتی ہے - مرکزی حکومت جس طرح سے سرکاری کمپنیوں کو سستے داموں میں فروخت کررہی ہے، اس سے ایسا لگتا ہے کہ جلد ہی پورا ملک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن جائے گا- بھیل، سیل، بی ایس این ایل، ایم ٹی این ایل یا ہوائی اڈے، یہ سب عوام کے پسینے اور محنت سے کمائے ہوئے پیسوں سے بنے ہیں، جس طرح سے یہ حکومت اپنے سرمایہ دار دوستوں کو تحفہ دے رہی ہے - ملک کے لوگوں کے ساتھ یہ ’دھوکہ‘ہے -انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج کی تاریخ میں سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن قابل اعتماد نہیں رہا ہے اور ایک طرف جہاں سپریم کورٹ اپنے فیصلے سے مخصوص ذات پر مہربان نظر آتی دکھائی دے رہی ہے اور ریزرویشن کے خلاف فیصلہ دیتی ہے -

 اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت دلتوں، آدیواسیوں اور پسماندہ افراد کی بڑی آبادی کو نظرانداز کررہی ہے - کولجیئم سسٹم کی وجہ سے ججوں کی کرسی پر بیٹھے لوگوں پر ملک کے دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کا اعتماد نہیں ہے - انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ نے ایک بار پھر ایس ایس ٹی ایکٹ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے - اس ایکٹ کی نئی شق سے ایسا لگتا ہے کہ اعلیٰ ذات کو دلتوں پر ظلم کرنے کی دعوت دی جارہی ہے -ڈاکٹر ادت راج نے ای وی ایم پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ عام فہم والا انسان بھی اپنی سمجھ کا استعمال کرکے بتا سکتا ہے کہ لاکھوں کروڑوں کلومیٹر دور سے خلا کی سیٹلائٹ کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے تو ای وی ایم کو ٹیمپر کرنا کون سی بڑی بات ہے - اتنی بڑی جمہوریت میں انتخابی عمل کا مشکوک ہونا اچھی بات نہیں ہے - دوسری بات یہ ہے کہ جب امریکہ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک بیلٹ پیپر سے انتخابات کررہے ہیں تو پھر ہندوستان میں کیوں نہیں ہوسکتا-یہ مارچ امبیڈکر بھون سے جنتر منتر تک جانا تھا لیکن پولیس نے رکاوٹ کھڑی کرکے مارچ کو امبیڈکر بھون پر ہی روک دیا تھا- مارچ میں سینکڑوں لوگ شامل تھے -


Share: