مظفر پور،پٹنہ8جنوری (آئی این ایس انڈیا) بہار میں گرچہ نظم و نسق کیلئے میٹنیگیں ہورہی ہوں، لیکن کوئی نہ کوئی ایسا حادثہ رونما ہوجاتا ہے، جس سے نتیش حکومت کی کرکری ہوجاتی ہے۔ اسی کڑی میں مظفر پور میں غنڈوں نے دن دہارے بینک میں گھس کر 17 لاکھ 37 ہزار روپے کی ڈکیتی انجام دے ڈالی۔ لوٹ پاٹ کے بعد فرار ہوتے وقت اس نوجوان کے سینے پر گولی ماردی، جو واقعہ میں مزاحم تھا۔
یہ واقعہ ضلع کے سکرا تھانہ علاقہ میں دونما چوک کے قریب بندھن بینک میں پیش آیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ بینکرس کے مطابق جمعہ کے روز دوپہر بارہ بجے کے قریب نصف درجن نقاب پوش غنڈے پہنچے، غنڈوں کو مسلح دیکھ کر بینک میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈاکوؤں نے بینکوں اور صارفین کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا۔ اس کے بعد لاکر میں رکھے ہوئے 17 لاکھ 37 ہزار روپے لوٹ لئے۔اس کے بعد پیسوں کا بیگ لے کر بھاگنے والے ایک مجرم کو بینک کے قریب انڈہ فروش نے پکڑ لیا،دونوں آپس میں گتھم گتھا ہوگئے،دوسرے غنڈوں نے ساتھی کو رہا کرنے کے لئے انڈہ فروش کے سینے میں گولی ماردی۔جس کے بعد مقامی لوگوں نے اسے شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے،ڈی ایس پی مشرقی زون نے بتایا کہ بینک میں لوٹ پاٹ کے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ بینک میں اور اس کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالے جارہے ہیں، جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں چھاپہ ماری بھی کی جارہی ہے۔