لکھنو ،25 ؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اترپردیش حکومت نے مظفر نگر فسادات کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ لیا ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں بی جے پی کے ممبران اسمبلی سریش رانا ، سنگیت سوم اور کپل دیو اگروال کے خلاف مقدمہ واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
یوپی حکومت کے اس فیصلے نے یوپی کے سیاسی سرگرمی میں اضافہ کیا ہے۔ اب بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) پر دائر کیس واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعہ کے روز بی ایس پی صدر مایاوتی نے کہاکہ بی جے پی کی طرح تمام اپوزیشن جماعتوں کے خلاف دائر مقدمہ کو بھی واپس لینا چاہئے۔ یہ بی ایس پی کا مطالبہ ہے۔7 ستمبر 2013 کو ننگلہ مینڈور میں ایک مہاپنچایت ہوئی تھی۔ یہ مہاپنچایت سچن اور گورو کے قتل کے بعد مظفر نگر میں طلب کی گئی تھی۔
الزام ہے کہ اس مہا پنچایت کے بعد مظفر نگر میں ہنگامہ برپا ہواتھا۔ مظفر نگر فسادات میں تقریباً65 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے اور فسادات کی وجہ سے 40 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے۔ اس معاملے میں کابینہ کے وزیر سریش رانا ، ایم ایل اے سنگیت سوم اور کپل دیو اگروال کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان تینوں رہنماؤں پر اشتعال انگیز تقاریر ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی ، آتش زنی ، توڑ پھوڑ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ اب سرکاری وکیل راجیو شرما نے مظفر نگر کی اے ڈی جے عدالت میں کیس واپس لینے کے لئے درخواست دائر کی ہے۔