ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی بجٹ سے توقعات رکھنافضول: سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا

مرکزی بجٹ سے توقعات رکھنافضول: سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا

Mon, 01 Feb 2021 11:27:54    S.O. News Service

مودی حکومت جھوٹ بولنا بند کرے،مہنگائی بے قابو، جی ڈی پی اب تک کی نچلی سطح پر

بنگلورویکم فروری (ایس او  نیوز)سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جو بجٹ پیش کیا جا رہا ہے اس سے عوام کو زیادہ توقعات وابستہ نہیں رکھنی چاہئیں۔

میسورومیں اخباری نمائندوں سے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے بجٹ سے پہلے جو معاشی سروے منظر عام پر لایا گیا ہے اس میں ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں جھوٹ بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بے روز گاری اپنے عروج پر ہے۔ ملک کی جی ڈی پی اب تک کی سب سے نچلی سطح پر ہے۔ مہنگائی بے قابوہے/ ان تمام حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ملک کی معیشت کی صحت بہتر ہے۔ اس سے بڑا جھوٹ اور کیا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019کے دوران جب کورونا وائرس ابھی نہیں پھیلا تھا اسی وقت ملک کی جی ڈی پی گھٹ کر 4.2فیصد تک پہنچ چکا تھا۔ کورونا وائرس کے سبب جی ڈی پی میں غیر معمولی گراوٹ آئی اور وہ-7.7فیصد تک پہنچ گیا۔معاشی سروے میں کہا گیا ہے کہ 2021-22کے دوران جی ڈی پی کی شرح میں غیرمعمولی اضافہ ہو گا اور وہ 11فیصد تک پہنچ جائے گا۔ اس حساب سے جی ڈی پی میں کم ا زکم 18فیصد کا اضافہ ہونا چاہئے۔ جو کہ نا ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کا اوسط شہری علاقوں میں 9.2فیصد اور دیہی علاقوں میں 8.9فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ جس وقت منموہن سنگھ وزیر اعظم رہے اس وقت بے روزگاری کی شرح 2.9فیصد تک تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گریجویٹوں کی بے روزگاری کے ساتھ ساتھ تکنیکی شعبہ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بھی بے روزگاری بڑھ گئی ہے۔بے روزگاری کے مسئلہ کو اس وقت تک سلجھایا نہیں جا سکے گا جب تک کہ مرکزی حکومت کی طرف سے صنعت اور زراعت کے شعبہ کی طرف یکساں توجہ نہ دی جائے۔

میسور سٹی کارپوریشن میں اقتدار کے لئے جے ڈی ایس کے ساتھ مفاہمت کے امکان کو سابق وزیر اعلیٰ نے مسترد کردیا اور کہا کہ جے ڈی ایس اب ان کی نظر میں ایک سیاسی جماعت نہیں،اس لئے اس پارٹی سے بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس سمیت کسی سیاسی جماعت سے کانگریس آنے والے دنوں میں کسی طرح کی کوئی مفاہمت نہیں کرے گی بلکہ ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کو بنیادی سطح سے مضبوط اور مستحکم کرنے کے لئے کوشش جاری ہے، اس کوشش کو آگے بڑھایا جائے گا۔


Share: