ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرادآباد میں خوفناک سڑک حادثہ، 10 ہلاک، تقریباً ایک درجن افراد زخمی

مرادآباد میں خوفناک سڑک حادثہ، 10 ہلاک، تقریباً ایک درجن افراد زخمی

Sat, 30 Jan 2021 19:54:27    S.O. News Service

مراد آباد،30؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے کندرکی علاقے میں ہفتے کے روز گھنے کہرے میں ایک کینٹر اور بس کے مابین ہونے والی خوفناک ٹکر میں کم از کم 10 مسافروں کی موت ہوگئی، جبکہ 11 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 8 بجے مراد آباد-آگرہ ہائی وے پر بلاری سرکل میں حسین پور پلیا نان پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری پرائیویٹ بس کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں ایک کینٹر اس سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کے ڈرائیور والی سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

بتایا جا رہا ہے کہ ان دونوں گاڑیوں کی ٹکر کے ساتھ ہی ایک 10 ٹائر والا ٹرک بھی ان گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ اس خوفناک ٹکر میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثے میں 11 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلی افسران موقع پر موجود ہیں۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ حادثے کی زد میں آئے زخمیوں کی تعداد میں اضافہ کا امکان ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثہ پر رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو 50 50 ہزار کی مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو 2،2 لاکھ روپے کی مالی امداد کے ساتھ ساتھ زخمیوں کا مناسب علاج کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے ہفتے کے روز ہونے والے اس سڑک حادثے میں دس افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 11 ہے۔


Share: