نئی دہلی،یکم؍ دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مدھیہ پردیش کا الیکشن ختم ہو گیا ہے۔اس دوران ایم پی کانگریس کے بڑے لیڈر اور پارٹی کی جانب سے وزیر اعلی کے عہدے کے دعویدار جیوتی رادتیہ سندھیا نے ای وی ایم میں ہیرا پھیری کی سازش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔جیوتی رادتیہ سندھیا نے کانگریس کارکنوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اسٹرانگ روم کی نگرانی میں ذرا بھی کوتاہی نہ کریں تاکہ بی جے پی کسی طرح کی سازش نہ کر سکے۔بتا دیں کہ پی اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی 11 دسمبر کو ہے۔اس دوران ای وی ایم کو اسٹرانگ روم میں انتہائی سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔کانگریس لیڈر جیوتی نے کہا ہے کہ بھوپال میں اسٹرانگ روم کی لائٹ بند ہو جانا بڑی سازش کی طرف اشارہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھوپال میں اسٹرانگ روم کے باہر لگی ایل ای ڈی کا بند ہونا، ساگرمیں وزیر داخلہ کی اسمبلی سیٹوں کی ریزرو وی ایم مشینوں کا 48 گھنٹے بعد پہنچنا، ستنا۔کھرگون میں نامعلوم باکس سے اسٹرانگ روم میں لے جانے کے ویڈیوز کا سامنے آنا کہیں نہ کہیں بڑی سازش کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔بی جے پی اپنی ممکنہ شکست کو دیکھتے ہوئے جمہوریت اور عوام کی رائے کو کچلنے پر آمادہ ہو گئی ہے، یہ حکومت کے تحفظ میں جمہوریت کے قتل کی کوشش ہے، الیکشن کمیشن جلد سخت قدم اٹھا کر قصورواروں پر سخت کارروائی کر کے ووٹوں کی گنتی تک وی ایم کی سخت حفاظت کو یقینی بنائے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کا صوبہ کے تمام جانباز کانگریس کارکنان سے درخواست ہے کہ وہ ووٹوں کی گنتی تک اسٹرانگ روم پر سخت نگرانی کریں جس سے بی جے پی کسی بھی طرح کی سازش کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ احمد پٹیل نے بھی کہا ہے کہ ہار کی ڈر سے کچھ لوگوں نے ابھی سے ای وی ایم میں ٹیمپرنگ شروع کر دی ہے۔اس بابت انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے۔ اس ویڈیو میں کچھ لوگ اسٹرانگ روم کے باہر کچھ لے کر جا رہے ہیں۔احمد پٹیل نے اس بابت الیکشن کمیشن سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔