ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محکمۂ اطلاعات ورابطہ عامہ میں گاندھی جینتی کا اہتمام

محکمۂ اطلاعات ورابطہ عامہ میں گاندھی جینتی کا اہتمام

Wed, 03 Oct 2018 11:17:35    S.O. News Service

بنگلورو،3؍اکتوبر (ایس او نیوز) انفرمیشن اینڈ پبلک ریلیشن (اطلاعات ورابطہ عامہ) محکمہ میں مہاتما گاندھی کی 150؍ویں سالگرہ کی تقریبات کا انعقادکیاگیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محکمہ کنڑا اینڈ کلچر اور محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کے ڈائرکٹر این آر وشو کمار نے بتایا کہ انہیں اس بات کی نہایت خوشی ہے کہ انفرمیشن محکمہ کے صدر دفتر میں خوبصورت گاندھی بھون تعمیر کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی جی کے اصولوں کی تبلیغ کے مقصد سے تین سال قبل یہ عمارت تعمیر کی گئی تھی۔ ملک کی کئی نامور ہستیوں نے گاندھی بھون کا دورہ کیا اور اس بات پراپنی پسندیدگی کا اظہارکیا کہ گاندھی جی کے اصول آفاقی ہیں۔ ہردور میں ان کی اہمیت باقی رہی ہے۔ گاندھی جی دنیا کو یہ بتایا کہ عدم تشدد (اہنسا) کے ساتھ بھی اپنے مطالبات منوائے جاسکتے ہیں۔ دنیا بھر میں ان کی سالگرہ یوم عدم تشدد کے طور پر منائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی جی نے اس وقت پورے ہندوستان کا دورہ کیا جب آمد ورفت کی اتنی سہولتیں نہیں تھیں۔ گاندھی جی نے کئی مرتبہ کرناٹک کا بھی دورہ کیا۔ نندی کا پہاڑ ان کا پسندیدہ مقام تھا۔ وشوکمار نے بتایا کہ محکمہ کا تعمیر کردہ گاندھی بھون دوسرے محکموں کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاندھی جی کے 150؍ویں یوم سالگرہ کے موقع پر حکومت ریاست بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کررہی ہے۔ گاندھی جی کی 150؍ویں سالگرہ کے موقع کی مناسبت سے محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ میں سال بھر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ محکمہ کے صدر د فتر میں تقریبات کا افتتاح انہوں نے گاندھی جی کے مجسمہ کو پھول مالا پہناکر کیا۔ محکمہ کے جوائنٹ سکریٹریز ایم روی کمار ایس بھرنگیش، ایچ بی دنیش اوراے آر پرکاش نے بھی خطاب کیا اور گاندھی کے اصول ،اقوال اور ان کی افادیت اور آج کے دور میں ان کی اہمیت کے بارے میں بتایا اس موقع پر محکمہ کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر بسوراج کمبی سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسر اور عملہ کے لوگ شریک ہوئے۔ چندریکا گروراج اور ان کی ساتھیوں نے گاندھی کے پسندیدہ نغمات اورگیت پیش کئے۔ 


Share: