نئی دہلی،24/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) حکومت پیر کو لوک سبھا میں ’خصوصی سیکورٹی گروپ ایکٹ‘ میں ترمیم بل پیش کرے گی جس میں کسی سابق وزیر اعظم کے خاندان کو ایس پی جی کے تحفظ کے دائرے سے باہر رکھنے کی تجویز کی گئی ہے۔ کابینہ پہلے ہی ایس پی جی قانون میں ترمیم بل کو ہری جھنڈی دے چکی ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے بتایا کہ پیر کو خصوصی سیکورٹی گروپ (ایس پی جی) ایکٹ میں ترمیم کے لئے بل لایا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ ایس پی جی کمانڈو ملک کے وزیر اعظم، ان کے اہل خانہ، سابق وزرائے اعظم اور ان کے خاندان کے ارکان کی حفاظت کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ سیکورٹی سے متعلق خطرات کی بنیاد پر یہ سیکورٹی فراہم کی جاتی ہے۔مجوزہ بل میں سابق وزرائے اعظم کے خاندان کے اراکین کو ایس پی جی سیکورٹی کے دائرے سے باہر رکھنے کی تجویز کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس پی جی قانون کے تحت سابق وزیر اعظم کو عہدہ چھوڑنے کے ایک سال بعد تک یا پھر خطرے کے تجزیہ کی بنیاد پر ایس پی جی سیکورٹی دینے کی فراہمی میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔کانگریس نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ کے دونوں میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور کانگریس صدر سونیا گاندھی، پارٹی کے سابق صدر اور رہنما راہل گاندھی اور پارٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کی ایس پی جی سیکورٹی واپس لئے جانے کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ حالانکہ حکمران بی جے پی نے کہا کہ یہ فیصلہ وزارت داخلہ کا ہے اور اس میں کوئی سیاست نہیں ہے۔لوک سبھا میں اس کے علاوہ ای سگریٹ پر پابندی بل، دمن اور دیو اور دادرا اور نگر حویلی کا انضمام ایک مرکز کے علاقے میں کرنے، دہلی میں غیر منظورشدہ کالونیوں کے لوگوں کی املاک سے متعلق حقوق بل سمیت کئی اہم بل بحث اور منظوری کے لیے پیش کئے جائیں گے۔یوم آئین کے موقع پر 26 نومبر کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ میٹنگ مرکزی حال میں بلائی جائے گی۔اسے صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو اور وزیر اعظم نریندر مودی سے خطاب کریں گے۔