نئی دہلی،19؍جون(ایس او نیوز؍یو این آئی) لوک سبھا میں حلف برداری کی تقریب کے دوسرے دن ایک ایسا بھی نظارہ دیکھنے کو ملا جب جیٹھانی کے استقبال کے لیے دیورانی کے ہاتھ ضرور اٹھے لیکن دونوں کی نگاہیں خاموش رہیں -اترپردیش کے اراکین پارلیمنٹ کو حلف دلانے کے سلسلے میں لوک سبھاکی سکریٹری جنرل اِسنیہلتا شری واستو نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کا نام پکارا تو پارلیمنٹ تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا- گاندھی نے ہندی میں حلف لیا- اس دوران ان کے بیٹے اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی موبائل سے ویڈیو بناتے دیکھے گئے - اپنی سیٹ پر پہنچنے پر راہل گاندھی نے ماں کو مبارکباد دی -حزب اقتدار کے اراکین نے گاندھی کے ہندی میں حلف لینے پر ان کی ستائش کی- سونیا گاندھی کے بعد باری آئی مینکا گاندھی کی- جب ان کا نام پکارا گیا تو حزب اقتدار کے اراکین نے زوردار تالیاں بجائیں اور‘بھارت ماتا کی جے ’کے نعرے لگائے - اس دوران سونیا گاندھی کو بھی میز تھپتھپاتے دیکھا گیا- مینکا جب حلف لینے مائک کے پاس پہنچی تو انھیں خیال آیا کہ وہ اپنا پڑھنے کا چشمہ سیٹ پر ہی بھول آئی ہیں، وہ لوٹ کر سیٹ تک گئیں اور اپنا چشمہ لیا- حلف کے بعد مینکا کارگزار اسپیکر کا شکریہ اداکرکے حزب مخالف کے اراکین کی سیٹوں کی جانب سے گزر رہی تھیں تو انھوں نے پہلی صف میں بیٹھیں سونیا گاندھی کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کیا جس کا جواب سابق کانگریس صدر نے ہاتھ جوڑ کر دیا لیکن دونوں کی نظریں نہیں ملیں - مینکا گاندھی کے صاحبزادے ورون گاندھی کا نام پکارے جانے پر بھی سونیا گاندھی میز تھپتھپاتی نظر آئیں - حلف کے بعد ورون نے چچا زاد بھائی راہل اور تائی سونیا گاندھی کا ہاتھ جوڑ کر خیر مقدم کیا-