ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات:چھٹے مرحلے میں 63 فیصد پولنگ معمولی تشدد کے درمیان بنگال میں سب سے زیادہ ووٹنگ

لوک سبھا انتخابات:چھٹے مرحلے میں 63 فیصد پولنگ معمولی تشدد کے درمیان بنگال میں سب سے زیادہ ووٹنگ

Mon, 13 May 2019 10:42:24    S.O. News Service

نئی دہلی،13؍مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں سات ریاستوں کی59سیٹوں پر آج تقریباً63.3فیصد ووٹ ڈالے گئے جس میں مغربی بنگال میں سب سے زیادہ80.16فیصد سے زیادہ لوگوں نے ووٹ کے حق کا استعمال کیا-

ڈپٹی الیکشن کمشنر امیش سنہا نے آج بتایا کہ چھٹا مرحلہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی 89فیصد یعنی543میں سے483سیٹوں پر پولنگ مکمل ہو گئی- چھٹے مرحلے میں آخری رپورٹ ملنے تک کل63.59فیصد پولنگ ہونے کی اطلاع ہے - مغربی بنگال میں ہر مرحلے کی طرح اس بار بھی سب سے زیادہ پولنگ ہوئی- وہاں 80.16فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا- جھارکھنڈ میں 64.50، ہریانہ میں 63.53فیصد، مدھیہ پردیش میں 61.35فیصد، بہار میں 59.69فیصد، دہلی میں 56.69فیصد اور اتر پردیش میں 53.95فیصد ووٹ ڈالے گئے - چھٹے مرحلے کے انتخابات مجموعی طور پرپرامن رہے، اگرچہ مغربی بنگال میں کچھ مقامات سے تشدد کے اکا دوکا واقعات کی اطلاع ہے - جہاں گھاٹل سے بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار بھارتی گھوش کی گاڑی کو کچھ لوگوں نے نقصان پہنچایا-

اس مرحلے میں اتر پردیش کی14، ہریانہ کی تمام10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال کی8 سیٹوں، دہلی کی تمام ساتوں سیٹوں اور جھارکھنڈ کی چار نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے - اس کے ساتھ ہی بہت سے مرکزی وزراء اور چار سابق وزرائے اعلیٰ سمیت979 امیدواروں کی انتخابی قسمت ای وی ایم میں بند ہو گئی- اس مرحلے میں کل472,82,17,10ووٹروں میں سے965,60,42,5مرد226,18,75,4خواتین اور281.3تیسری صنف کے ووٹر تھے جن کے لئے دس لاکھ 13ہزار167پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے - صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے روایات کو توڑتے ہوئے اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کیا-نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو، سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، کانگریس صدر راہل گاندھی، پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، فضائیہ کے سربراہ بی ایس دھنووا، مرکزی وزیر سشما سوراج، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال، سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت اور سابق مرکزی وزیر اجے ماکن نے بھی ووٹ ڈالے - دہلی کے سب سے بزرگ ووٹر111سالہ بچن سنگھ نے بھی شدید گرمی کے باوجود اپنے خاندان کے ساتھ ووٹ دیا- چھٹے مرحلے میں 4وزرائے اعلیٰ اور چند مرکزی وزراء سمیت متعدد قدآوروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے - شمال مشرقی دہلی سیٹ سے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دکشت، بھوپال سیٹ سے مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ اور سونی پت سیٹ سے ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا کانگریس کے ٹکٹ پر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اعظم گڑھ سیٹ سے سماج وادی پارٹی کی ٹکٹ پر انتخابی میدان میں تھے - مرکزی وزیر مینکا گاندھی اتر پردیش کے سلطان پور سے، ڈاکٹر ھرش وردھن دہلی کے چاندنی چوک سے، رادھا موہن سنگھ بہار کے مشرقی چمپارن سے، نریندر سنگھ تومر مدھیہ پردیش کے مرینا اور راؤ اندرجیت سنگھ ہریانہ کی گڑگاؤں سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں تھے - دیگر اہم امیدواروں میں بی جے پی کی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر بھوپال سیٹ پر دگ وجے سنگھ کو، بی جے پی کے منوج تیواری شمال مشرقی دہلی سے شیلا دکشت کو، بی جے پی کے دنیش لال یادو عرف نرھوا اعظم گڑھ سے اکھلیش یادو کو اور کانگریس کے جے پي اگروال ڈاکٹر ھرش وردھن کو چاندنی چوک سیٹ پر ٹکر دے رہے ہیں - بھوپندر سنگھ ہڈا کے بیٹے دیپندر سنگھ ہڈا سونی پت سے، جیوترادتیہ سندھیا گنا سے، کیرتی آزاد دھنباد سے، سابق باکسر بجیندر سنگھ جنوبی دہلی سے، کماری شیلجا انبالہ سے، اجے ماکن نئی دہلی اور اروندر سنگھ لولی مشرقی دہلی سے کانگریس کے امیدوار ہیں -راشٹریہ جنتا دل کے قومی نائب صدر رگھونش پرساد سنگھ بہار کے ویشالی سیٹ سے، بہوجن سماج پارٹی کے انیرودھ عرف سادھو یادو بہار کے مہاراج گنج سے الیکشن کے میدان میں تھے - جننایک جنتا پارٹی کے دشینت چوٹالہ ہریانہ کے حصار سے الیکشن لڑ رہے تھے - گزشتہ مرتبہ وہ انڈین نیشنل لوک دل کی ٹکٹ پر لوک سبھا پہنچے تھے - پہلے مرحلے میں 69.54فیصد، دوسرے میں 69.44 تیسرے مرحلے میں 68.40، چوتھے میں 65.51اور پانچویں مرحلے میں 64.16فیصد ووٹ ڈالے گئے تھے -

لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کے دوران قومی دارالحکومت کی 7سیٹوں پر اتوار کو ہوئی ووٹنگ کے دوران مختلف جگہوں سے ای وی ایم میں خرابی کی شکایات ملی ہیں -مٹیا محل علاقے کے رہائشی آدرش گپتا نے دعویٰ کیاہے کہ پولنگ اسٹیشن84،85 اور 86 پر صبح کے وقت الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں کام نہیں کر رہی تھیں -عام آدمی پارٹی کے مالویہ نگر سے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے الزام لگایا کہ پولنگ اسٹیشن نمبر 116،117 اور 122 میں ای وی ایم کام نہیں کر رہی ہیں -بھارتی نے ٹویٹ کیاکہ ہوض رانی کے پولنگ اسٹیشن 132 پر بغیر کوئی ووٹ ڈالے ہی ای وی ایم 50 ووٹ دکھا رہی ہے-بہر حال چیف الیکشن آفس کی جانب سے فوری طور پر جواب نہیں ملا ہے-چاندنی چوک لوک سبھا سیٹ سے کانگریس امیدوار جے پی اگروال کے بیٹے مدت اگروال نے مٹیا محل اور بلی ماران اسمبلی حلقوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنوں میں ای وی ایم میں خرابی کا الزام لگایا-پولیس کے ایک افسر کے مطابق انہیں روہنی کے بیگم پور میں ای وی ایم کے کام نہ کرنے کے بارے میں رپورٹ کی گئی تھی لیکن ای وی ایم کو ٹھیک کر دیا گیا-تلک نگر سے آپ کے ممبر اسمبلی جرنیل سنگھ نے بھی پولنگ اسٹیشن نمبر 27 میں ای وی ایم میں خرابی کا الزام لگایا-


Share: