ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لو جہاد اور انسداد گؤ کشی قانون کا مقصد نفرت کو ہوا دینا ہے،کانگریس کی طرف سے ان قوانین کی مخالفت جاری رہے گی: ضمیر احمد خان

لو جہاد اور انسداد گؤ کشی قانون کا مقصد نفرت کو ہوا دینا ہے،کانگریس کی طرف سے ان قوانین کی مخالفت جاری رہے گی: ضمیر احمد خان

Tue, 08 Dec 2020 12:19:30    S.O. News Service

بنگلورو،8؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاست میں بی جے پی حکومت کی طرف سے لو جہاد مخالف قانو ن اور انسداد گؤ کشی قانون لانے کا اعلان محض اس لئے کیا جا رہا ہے کہ آنے والے گرام پنچایت انتخابات میں فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دی جا سکے اور ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان خلیج کو بڑھاوا دے کر اس سے سیاسی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔ یہ بات پیر کے روز ریاستی اسمبلی میں میڈیا کے نمائندو ں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر و رکن اسمبلی ضمیر احمد خان نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لو جہاد کے متعلق ملک کی مختلف عدالتوں کی طرف سے بارہا تبصرہ کیا جا رہا ہے کہ اس کی کوئی آئینی یا قانونی تشریح موجود نہیں ہے اور ملک کے بالغ شہریوں کو اپنی پسند کے مطابق ایک دوسرے سے شادی رچانے کا اختیار حاصل ہے۔ اس کے باوجود بھی چند ریاستوں میں بی جے پی بار بار لو جہاد کا مسئلہ عوام کو بنیادی مسائل سے بھٹکانے کے لئے اچھال رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے لو جہاد مخالف اور انسداد گؤ کشی قانون لانے کے اعلا ن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پہلے قانون کیا ہے اس کا مسودہ عوام کے سامنے لایا جائے تب ہی یہ پتہ چل سکے گا کہ حکومت کرنا کیا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لیجس لیچرپارٹی کے لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ سدارامیا اور کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے واضح الفاظ میں کہہ دیاہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اگر انسداد گؤ کشی قانون لایا جاتا ہے تو اس کی پر زور مخالفت کی جائے گی۔ اسمبلی میں جب بی جے پی حکومت کی طرف سے ان قوانین کو لایا جائے گا تو کانگریس پارٹی کی طرف سے ان کی مخالفت ہو گی۔نہ صرف اسمبلی میں بلکہ عوامی سطح پر بھی اس قانون کے خلاف باقاعدہ تحریک چلائی جائے گی۔


Share: