ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لتا منگیشکر کے احترام میں ایوان بالا کی کارروائی 1 گھنٹے کے لیے ملتوی، وینکیا نائیڈو نے پیش کیا خراج عقیدت

لتا منگیشکر کے احترام میں ایوان بالا کی کارروائی 1 گھنٹے کے لیے ملتوی، وینکیا نائیڈو نے پیش کیا خراج عقیدت

Mon, 07 Feb 2022 22:00:25    S.O. News Service

نئی دہلی،8؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجیہ سبھا کے ارکان نے مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ جس کے بعد ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ لتا منگیشکر کے انتقال سے ملک نے ہندوستانی موسیقی اور فلم انڈسٹری کی دنیا میں ایک عظیم پلے بیک سنگر، ​​ایک مہربان خاتون اور ایک عظیم شخصیت کو کھو دیا ہے۔ ان کی موت سے ایک دور کا خاتمہ ہو گیا اور موسیقی کی دنیا میں ایک ناقابل تلافی خلا پیدا ہو گیا۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ ہندوستان کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازی جانے والی لتا منگیشکر اتوار کو ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔ حکومت نے ان کے انتقال پر دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کو ہی ممبئی کے شیواجی پارک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سابق بین الاقوامی کرکٹر سچن تندولکر اور سیاست، بالی ووڈ اور کھیلوں کی کئی نامور شخصیات نے انہیں الوداع کیا۔


Share: