رانچی ،12؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) چارہ گھوٹالہ میں سزا یافتہ راجد سپریمو لالوپرساد یادو کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ایک بار پھر ملتوی کردی گئی ہے۔ اب اس کی سماعت 6 ہفتوں کے بعد ہوگی، جمعہ کو ہونے والی سماعت میں لالو پرساد کے وکیل نے سی بی آئی کے دعوے پر جواب داخل کرنے کے لئے وقت مانگاتھا، اس کے بعد عدالت نے 6 ہفتوں بعد سماعت طے کی ہے۔آخری سماعت کے دوران سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ لالو پرساد کی نصف سزا پوری نہیں ہوئی ہے ، لہٰذا ضمانت کا فائدہ نہیں دیا جاسکتا۔ اس پر ہائی کورٹ نے نچلی عدالت اور جیل ریکارڈوں کا جائزہ لیا ، اور رپورٹ پیش کرنے اور بتانے کی ہدایت دی تھی کہ آدھی سزا پوری ہوئی ہے یا نہیں؟۔خیال رہے کہ جھارکھنڈ میں لالو پرساد یادو کیخلاف چارہ گھوٹالہ کے پانچ مقدمات چل رہے ہیں۔ ان میں سے چار کو سزا سنائی گئی ہے۔ ان میں سے تین میں انہوں نے نصف سزا کاٹنے کے بعد ضمانت حاصل کرلی ہے۔ علاوہ ازیں ایک معاملہ میں سی بی آئی عدالت میں زیر سماعت ہے۔لالو یادو کی درخواست ضمانت پر سماعت سے محض ایک دن قبل سی بی آئی نے جمعرات کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں ضمنی حلف نامہ دائر کیا ہے۔ اس میں انہوں نے کہا ہے کہ لالو نے جیل کے ضابطہ کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے اور اب ان کی صحت بھی مستحکم ہے، لہٰذا انہیں اب ریمس سے برسامنڈا جیل بھیج دیناچاہئے۔