بنگلورو31جنوری(ایس او نیوز) اتر پردیش ( یو پی ) کے ایودھیا میں رام مندر تعمیر سے متعلق غیر متنازعہ 67ایکڑ اراضی کو حقیقی مالکان کو لوٹانے مرکزی حکومت کی سپریم کورٹ سے درخواست قابل ستائش ہے ۔ سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کرنے کو سابق ریاستی وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ رام مندر تعمیر کیلئے وی ایچ پی ودیگر تنظیموں کو متنازعہ زمین کے ارد گردموجود67ایکڑ اراضی منتقل کرنے کے معاملہ میں سپریم کورٹ سے اجازت حاصل کرنے کی درخواست کرنا تاریخی اقدام ہے ، عوامی جذبات کی قدر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کا یہ اقدام انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ 17مرتبہ حملہ کی زد میں آنے والے سومناتھ مندر کی از سر نو تعمیر کے لئے ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ پٹیل نے کارروائی کی تھی ۔ سومناتھ مندر میں مورتی کو دوبارہ نصب کرنے کے عوامی اصرار پر ولبھ بھائی پٹیل نے مندر کو تعمیر کروایا تھا ۔ اب بھی مرکزی حکومت کا عوام کے جذبات کا خیال کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا بہترین پیش رفت ہے ۔