بنگلورو ،06؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) مرکز میں حکمران بی جے پی کی بھگوا پالیسوں پر تنقید کرنے والے جنوب بھارتی فلموں کے ایکٹر اور اجے دیوگن کے ذریعہ اداکاری کی گئی سپرہٹ فلم ’سنگھم ‘ میں ویلن کا کردار ادا کرنے والے پرکاش راج نے ایک بار پھر مودی حکومت پر تنقید کی ہے ۔
پرکاش راج نے کہا ہے کہ عوام بی جے پی کے ایجنڈے کو اچھے سے سمجھ رہے ہیں اور کرناٹک اسمبلی انتخابات میں وہ جواب دیں گے ۔ پرکاش نے ٹویٹ کر کہا کہ ڈیر بی جے پی! کرناٹک کے لوگ آپ کے ایجنڈے کو اچھے سے سمجھ رہے ہیں۔ ہم آپ کی انتہا پسند آرمی کے ہر ظلم کو دیکھ رہے ہیں۔ ہم ترقی کے آپ کے جھوٹے وعدوں کو اچھے سے سمجھ رہے ہیں۔ ہم ووٹ کی اپنی طاقت سے آپ کو جواب دیں گے۔ ہم متحدہ کرناٹک کے لئے ووٹ دے کر متحدہ بھارت کی سوچ کو آگے بڑ ھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کرناٹک کے لوگوں کے لئے اس انتخاب میں بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ ہمیں بی جے پی کو ان ادھورے وعدوں کی یاد دلانی ہوگی ، ہم بتائیں گے کہ ایک مخصوص نظریہ کو مسلط کرنے ، انسان میں انسان کے تئیں ہی نفرت، جھوٹ سے ملک کو گمراہ کرنے اور لوگوں کو دھمکانے کا کام اب راس نہیں آئے گا ۔ دوست اورمعروف صحافی آنجہانی گوری لنکیش کے قتل پر پی ایم مودی کی خاموشی پر تنقید کرنے والے پرکاش نے یہ سنسنی خیز دعویٰ کر ایک نئے تنازعہ کو جنم دے دیا تھا کہ بی جے پی اور پی ایم مودی پر تنقید کی وجہ سے انہیں بالی ووڈ میں رول کے آفرس آنے بند ہو گئے ہیں۔ جمعہ کو ہی بنگلور میں سبرامینم سوامی کے ساتھ ا یک مباحثہ میں بی جے پی کی طرف سے تشدد کے فروغ پر بھی سوال اٹھایا تھا۔