ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عنقریب بنگلورو میں میٹرو ریل خدمات شروع کی جائیں گی: وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا

عنقریب بنگلورو میں میٹرو ریل خدمات شروع کی جائیں گی: وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا

Fri, 28 Aug 2020 22:29:32    S.O. News Service

بنگلورو،28؍اگست(ایس او نیوز) کورونا وائرس کے حالات اور اس مہلک مرض کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے درمیان ہی عام زندگی آہستہ آہستہ اور مرحلہ وار طریقے سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ ریاست میں بیشتر عوامی خدمات دھیرے دھیرے شروع کر دی گئی ہیں، تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ میٹرو ریل خدمات بھی بہت جلد ہی شروع کی جائیں گی۔یہ باتیں وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے کہی۔

 بنگلوروشہر میں آنند راؤ سرکل کے قریب فلائی اوور سنگولی رائنا کے نام سے منسوب کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔اس سلسلے میں بنگلورو شہر میں بنیادی سہولتیں مزید بہتر بنانے کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلورو شہر کی ترقی اس لئے بھی ضروری ہے کہ ملک اور ریاست کی معاشی ترقی میں بنگلورو شہر کا اہم حصہ ہے۔ ریاستی حکومت بنگلورو شہر کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ بنگلورو میں ٹرافک کا بڑا مسئلہ ہے، اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے شہر میں جابجا فلائی اوور تعمیر کئے جارہے ہیں۔آنند راؤ سرکل فلائی اوور کو سنگلولی رائنا کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ ملک کی جدوجہد آزادی میں کرناٹک کے مجاہدین کا اہم حصہ رہا ہے۔ ریاست میں انگریزوں کے خلاف لڑنے والوں میں کتور رانی چنما اور سنگولی رائنا کے نام نمایاں ہیں۔ بیلگاوی میں سنگلولی رائنا کے مجسمہ کی تنصیب کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ بیلگاوی میں رائنا کے مجسمہ کے سلسلہ میں تنازع کے بارے میں انہوں نے کہا ضلع نگران کار وزیر کو یہ تنازع جلد حل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی دینش گنڈوراؤ نے کہا کہ بیلگاوی کے علاوہ سنگولی رائنا کی سب سے زیادہ یادگاریں بنگلورو کے گاندھی نگر علاقے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور کو ایک سال قبل ہی سنگولی رائنا کے نام منسوب کیا گیا تھا، آج باضابطہ طور پر اس کا افتتاح عمل میں آیا ہے۔

 ریاستی وزیر ایشورپا نے کہا کہ بیلگاوی میں رائنا کے مجسمہ کے تعلق سے غیر ضروری تنازع کھڑا کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت بیلگاوی میں مجسمہ کی تنصیب کے لئے پابند عہد ہے۔ ٹیپو سلطان کے بارے میں سابق وزیر ایچ وشواناتھ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ وشواناتھ کے ذاتی خیالات ہیں، حکومت ان کے خیالات سے اتفاق نہیں رکھتی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر اشوتھ نارائن،ریاستی وزیر بائرتی بسواراج، میئر گوتم کمار اور دیگر شریک رہے۔

دریں اثناء نما میٹرو کی گرین لائن پر یلچیناہلی اور انجناپورہ کے درمیان ریل لائن کی تعمیر کا کام مکمل ہوگیا ہے۔بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ(بی ایم آرسی ایل)نے آج سے اس لائن پر تجرباتی دوڑ شروع کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اگلے 30دنوں تک اس لائن پر تجرباتی طور پر ٹرینیں دوڑائی جائیں گی۔ یلچیناہلی اور انجنا پورہ کے درمیان میٹرو لائن کا تعمیری کام 2016ء میں شروع کیا گیا تھا۔ تعمیری کام مکمل ہونے کے بعد بی ایم آر سی ایل نے تجرباتی دوڑ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: