نئی دہلی،16/دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) عصمت دری کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کے مطالبے پر گزشتہ 13دنوں سے راج گھاٹ پر بھوک ہڑتال کررہیں دہلی خواتین کمیشن (ڈی سی ڈبلیو) کی صدر سواتی مالیوال اتوار کی صبح بیہوش ہو گئیں -ڈی سی ڈبلیو نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محترمہ مالیوال کو ایل این جے پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے - ذرائع کے مطابق مالیوال صبح تقریباً7 بجے بیہوش ہوئیں -بھوک ہڑتال کے12ویں دن ہفتہ کے روز مالیوال کی صحت میں مسلسل گراوٹ کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کی صلاح دی تھی- ڈاکٹروں کے مطابق مالیوال کا یورک ایسڈ خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے -اس دوران مالیوال کا وزن 7 سے 8کلو گرام کم ہو گیا ہے - ان کے بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بھی معمول سے کافی کم ہو گئی ہے - ڈاکٹروں نے ان کی جانچ کرنے کے بعد انہیں فوری طور پر بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا ہے - مالیوال کے یورک ایسڈ کی سطح10.1ہے جو معمول سے کافی زیادہ ہے - یہ کافی خطرناک سطح ہے اور اس سے کڈنی فیل ہو سکتی ہیں -مالیوال نے عصمت دری کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے کا التزام کرنے سے متعلق”دشا بل“آندھرا پردیش اسمبلی سے منظور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ جگن موہن ریڈی کو ہفتہ کے روز خط لکھ کر مبارک بھی دی- انہوں نے کہا کہ ایک طرف آندھرا پردیش حکومت کی یہ پہل قابل ستائش ہے وہیں اس کے برعکس مرکزی حکومت کی خاموشی کافی تکلیف دہ ہے -مالیوال کی ہفتے کی شام حالت بگڑ گئی تھی تو ڈاکٹروں اور پولیس نے انہیں اسپتال میں داخل کرانے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا- طبی بلیٹن کے مطابق، ان کے خون میں یورک ایسڈ خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے - ایسے حالات میں جگر اور گردے کو نقصان پہنچ سکتا ہے -مالیول نے کل وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی خط لکھا تھا جس میں انہوں نے مودی سے پورے ملک میں ”دشا بل“فوری طور پر لانے کا مطالبہ کیا ہے -