بنگلورو، 8؍اپریل (ایس او نیوز) ہندوستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں محنت وایمانداری سے کام کرنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوپارہا ہے ۔ اس کے برعکس عیش وآرام سے رہنے والوں کو تمام سہولتیں مہیا ہونے لگی ہیں ۔ کانگریس اس قسم کے نظام کو تبدیل کرنے کی ٹھان لی ہے اورکانگریس یہ کام کرکے دکھائے گی۔ اس قسم کی امید افزاء باتیں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہل گاندھی نے کیں۔ شہرکے جگ رائنا کیرے احاطے میں صفائی کرمچاریوں کے ساتھ بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ جتنی زیادہ محنت کریں گے اتنی ہی زیادہ سہولتیں ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ صفائی کرمچاری دن رات مسلسل محنت کرتے آرہے ہیں انہیں ہر طرح کی سہولتیں مہیا ہونی چاہئے۔راہل گاندھی نے صفائی کرمچاریوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں کنڑا میں ’’نمسکار‘‘ کے ذریعہ اپنی بات چیت کا آغازکیا ۔اورکہاکہ وہ کوئی طویل تقریر کرنے کے لئے نہیں آئے ہیں بلکہ انہیں مہیا سہولتیں اور درکار سہولتوں کے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کے مقصد سے پہنچے ہیں ۔اس موقع پر جئے یمانامی صفائی کرمچاری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا نے کنٹراکٹ نظام کو منسوخ کرکے بی بی ایم پی سے ہی راست تنخواہ جاری کرنے کا یقین دلایا تھا کیا اس کو پورا کیا ہے ۔