ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شیوسینا رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک کا کنگنا رناوت کے خلاف مراعات شکنی کا ایک اور نوٹس

شیوسینا رکن اسمبلی پرتاپ سرنائک کا کنگنا رناوت کے خلاف مراعات شکنی کا ایک اور نوٹس

Wed, 16 Dec 2020 11:11:13    S.O. News Service

ممبئی،16؍دسمبر (ایس او  نیوز؍ایجنسی) اپنی بدزبانی کیلئے بدنام فلم اداکارہ کنگنا رناوت مزید مشکلوں میں گھر سکتی ہیں کیوں کہ شیوسینا کےرکن اسمبلی پرتاپ سرنائک نے منگل کو ان کے خلاف مراعات شکنی کا ایک  اور نوٹس پیش کرتےہوئے اسے پریویلیج موشن کمیٹی  کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کنگنا کے ساتھ ہی ساتھ سرنائک نے جھوٹی خبر پھیلانےو الوں  کے خلاف بھی نوٹس پیش کیا ہے۔ سرمائی اجلاس کی کارروائی  ختم ہونے سے چند منٹ قبل کئے گئے اس مطالبہ پر اسپیکر نانا پاٹولے نے غور کرنے کا یقین دلایا ہے۔اس بیچ اس سے قبل ارنب گوسوامی اور کنگنا رناوت  کے خلاف مراعات شکنی کے نوٹس کیلئے بنائی گئی پریویلیج موشن کمیٹی کی میعاد میں اگلے اجلاس تک کی توسیع کردی گئی ہے۔ 

کنگنا اور جھوٹ پھیلانے والے میڈیا کے خلاف نوٹس:  اسمبلی میں پرتاپ سرنائک نے  بتایاکہ ’’24؍ نومبر کو ای ڈی  نے میرے ممبئی اور تھانے کے گھر اور آفس پرچھاپہ مارا اور مجھے سے اور میرے بیٹے سے پوچھ تاچھ کی ۔ ہم   جانچ میں  ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر ر ہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے  لیکن اس تعلق سے کنگنا رناوت نے ٹویٹ کیا تھاکہ میرے   گھر سے پاکستان کا کریڈٹ کارڈ ملاہے۔ اسی طرح کچھ نیوز چینلوں ،  پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی یہ خبریں نشر اور شائع  ہوئی ۔ حالانکہ ای ڈی  کو ایسا کچھ نہیں ملا۔کنگنا اور میڈیا کی غلط خبروں سے میری بدنامی ہوئی ہے اسیلئے  میرا مطالبہ ہے کہ یہ معاملہ  مراعات شکنی کمیٹی کے پاس  بھیجا جائے ۔‘‘

مراعات شکنی کمیٹی کی میعاد میں توسیع:   اس سے قبل وزیر اعلیٰ اُدھوٹھاکرے  اور ممبئی کی بے عزتی کرنے کے معاملے میں شیوسینا کے رکن اسمبلی پرتاپ سرنائیک کےذریعے گزشتہ اسمبلی اجلاس میں مراعات شکنی کی جو  تحریک  ارنب گوسوامی اور اداکا رکنگنا رناؤت کے خلاف  پیش کی گئی تھی اس  پر کا رروائی کیلئے  تشکیل دی گئی مراعات شکنی کمیٹی کی میعاد میں اگلے اجلاس تک توسیع کردی گئی ہے۔   کمیٹی کو اب  مارچ میں  اسمبلی اجلاس کے آخری دن تک اپنی رپورٹ پیش کرسکتی ہے۔  یہ فیصلہ  اسپیکر نانا پاٹولے  اور قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام راجے نائک نمبالکر  نے کیا ہے۔

کنگنا اور ارنب کے خلاف کارروائی  پر بی جےپی کو اعتراض:  یاد رہے کہ کنگنا اور ارنب   کےخلاف مراعات شکنی کا نوٹس  وزیراعلیٰ اُدھوٹھاکرے کے تعلق سے انتہائی توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کی وجہ سے پیش کیا گیاتھا۔  پرتاپ سرنائک نے 7؍ ستمبر 2020ء کو لیٹر دے کر مطالبہ کیا تھا کہ ریاست کے وزیر  اعلیٰ کو بدتمیزی سےمخاطب کرنے پر ارنب گوسوامی کو پوری ریاست کی توہین کرنے کا مجرم قرار دیاجائے اور اس کے خلاف ’پریولیج موشن‘  کے تحت کارروائی جائے ۔ اُسی دن انہوں نے  کنگنا رناؤت کے خلاف بھی نوٹس دیا تھا ۔  تاہم بی جےپی کو اس پر اعتراض ہے۔ منگل کو  اسمبلی میں ارنب کے دفاع میں اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس نے کہا تھا کہ ’’حکومت  ان افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا سلسلہ شروع کررہی ہےجو حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ارنب کے ذریعے خطاب کرنے کا طریقہ غلط تھا اور ہم اس کی حمایت نہیں کرتے  اور نہ  ہی کنگنا رناوت کی حمایت کرتے ہیں لیکن اس کیلئے اسمبلی میں کارروائی کی ضرورت نہیں۔ چونکہ  ہتک عزت کا معاملہ درج کیا جاسکتا ہے اس لئے  یہ معاملہ یہاں لانے کی ضرور ت ہی نہیں تھی۔ ‘‘
 یکم مارچ ۲۰۲۱ ءکواگلا اسمبلی اجلاس:  اسمبلی کے اسپیکر نانا پٹولے نے منگل کو۲؍ روزہ سرمائی اجلاس کے اختتام کااعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریاستی اسمبلی  کا اگلا اجلاس یکم مارچ 2021ء کو منعقدکیا جائے گا۔

 اسپیکر سپریم کورٹ کے نوٹس کا جواب نہیں دیگا:  ودھان بھون میں منگل کو سرمائی اجلاس کے دوسرے اور آخری دن قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر نانا پاٹولے نے کہا ہے کہ اسپیکر عدالت کی نوٹس اور سماعت کے لئے طلب ہونے کا پابند نہیں ہے  اور نہ جوابدہ ہے۔  مراعات شکنی کے  معاملے میں چونکہ ارنب نے سپریم کورٹ رجوع کیا ہےاس  پس منظر میں  پٹولے نے منگل کو واضح کیا کہ ’’قانون ساز اسمبلی اور عدلیہ کے اپنے اپنے اختیارات  ہیں انہیں ایک دوسرے کی حدود کوپار نہیں کرنا چاہئے۔اسی کے تحت  اسپیکر سپریم کورٹ کے نوٹس  کا جواب دینے کا پابند نہیں ہے۔ ‘‘


Share: