نئی دہلی،11مارچ (یو این آئی) وزیر برائے امور خارجہ سشما سوراج نے اتوار کو اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی شمسی توانائی اتحاد جس کا ابھی ابھی افتتاح کیا گیا ہے در حقیقت اس وژن اور پختہ یقین کا انعکاس ہے کہ سورج کے فیوض وبرکات اور اس سے خارج ہونے والی توانائی عالمی برادری کو ایک متحدہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے ۔ محترمہ سوراج نے پہلی بین الاقوامی شمشی توانائی کانفرنس کے سے خطاب کرتے ہوئے کہااتحاد اس وژن اور پختہ یقین کا انعکاس ہے کہ سورج کے فوائد کو توانائی کی ضرورتوں کے لئے ایک مشترکہ حل کی خاطر کر ہ ارضی کے باشندوں کو ایک ساتھ لانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ'' اس وژن کا مقصد ہمیشہ رہا ہے کہ شمسی توانائی کی حصولیابی میں رکاوٹ کا سبب بننے والے مختلف اقتصادی اور تکنیکی عوامل کا حل نکال کر غریبوں کے لئے شمسی توانائی کو قابل رسائی اور سستا بنایا جائے ''۔انہوں نے کانفرنس کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ''ہندوستان میں ہم ایک سنسکرت کے ایک' شلوک' جس کا مطلب ہے کہ ''دنیا ایک کنبہ ہے '' پر عمل پیرا ہیں ۔ وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مجھے عالمی برادری کا استقبال کرتے ہوئے جتنی خوشی آج ہو رہی ہے جتنی شاید کبھی ہوئی ہو''۔انہوں نے مزید کہا کہ ''بین الاقوامی شمسی توانائی اتحاد ہندوستان کی تکثیریت میں غیرمتزلزل یقین کا نہ صرف ایک عہد نامہ ہے بلکہ ہماری جانب سے ایک بہتر، پائیدار اور سرسبز مستقبل کے لئے ایک عزم بھی ہے ''۔محترمہ سوراج نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور اس وقت کے فرانسیسی صدر فرینکوئس ہولینڈ کے ذریعہ 30 نومبر 2015 کو پیرس میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس میں آغاز کے بعد سے تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی ایک دوسرے کو مضبوط بناتے ہیں۔ہندوستان نے بین الاقوامی شمسی توانائی اتحاد کے سیکریٹریٹ کے لئے 27 ملین امریکی ڈالر کی مدد فراہم کی، ایک آئی ایس اے کارپس فنڈ بنایا ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سولر انرجی (این آئی ایس ای )میں آئی ایس اے کے رکن ملکوں کو تربیت فراہم کی اور شمسی توانائی سے گھر میں روشنی، کسانوں کو سولر پمپ اور دیگر شمسی توانائی پر مبنی آلات کے منصوبوں کی نمائش کے لئے بھی مدد کی۔انہوں نے کہا کہ ''انڈین رینویبل انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی(آئی آر ای ڈی اے ) اور سولر انر جی کارپوریشن آف انڈیا(ایس ای سی آئی) نے ایک ایک ملین امریکی ڈالر آئی ایس اے کارپس کے لئے تعاون دینے کا اعلان کیا ہے ، اس سلسلہ میں ہم مزید کوشش کریں گے ''۔