ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی ہند میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، کوکن میں بھی موسم کا قہر ۔بجلی گرنے سے یوپی میں41، راجستھان میں23 اور مدھیہ پردیش میں11 ہلاکتیں

شمالی ہند میں آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی، کوکن میں بھی موسم کا قہر ۔بجلی گرنے سے یوپی میں41، راجستھان میں23 اور مدھیہ پردیش میں11 ہلاکتیں

Tue, 13 Jul 2021 12:27:13    S.O. News Service

 

ممبئی، 13؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) آسمانی بجلی نے  یو پی، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں 24 گھنٹوں میں  75 جانیں لے لیں جن میں وہ11افراد بھی شامل ہیں جو موسم کا لطف لیتے ہوئے  جے پور کے ایکقلعہ پر سیلفی  لے رہےتھے۔ حالیہ برسوں   میں    ایک ہی دن میں بجلی گرنے سے ہونے والی یہ سب سے زیادہ اموات ہیں۔ 

یوپی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں:   اترپردیش میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب16 اضلاع میں بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں  41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یوپی کے ریلیف کمشنر رنویر پرساد نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ ’’اب تک ملنے والی اطلاعات کےمطابق 16  اضلاع میںبجلی گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں  جن میں  41افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔ ‘‘   انہوں نے بتایا کہ ’’حکومت نے بجلی گرنے کے سبب ہلاک ہونے والوں کے اہل کانہ کو 4-4لاکھ روپے کی عبوری راحت دینے کا اعلان  کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’بجلی گرنے کے ان بھیانک واقعات میں 250 سے زیادہ مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ20 زخمی ہیں۔‘‘ اتر پردیش میں  سب سے زیادہ اموات الہ آباد میں ہوئی ہیں۔ بجلی گرنے کے زیادہ تر واقعات دیہی علاقوں  میں پیش آئے ہیں جن میں جاں بحق ہونے والوں  میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ نے جن کے مویشی مرے ہیں انہیں بھی معاوضہ دینے کی بات کہی ہے۔ 

 راجستھان: سیلفی لیتے ہوئے 11 ہلاک:   راجستھان کے آمیر میں بجلی گرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق  یہاں مہلوکین میں12 ویں صدی کے قلعہ کے واچ ٹاور کے سامنے کھڑے ہوکر سیلفی لے رہے  11 افراد بھی شامل ہیں۔ بتایا جارہاہے کہ بجلی نے موبائل فون کے کیمروں کو نشانہ بنایا جو اس قدر طاقتور تھی کہ لوگ بوکھلاگئے اور بہت سوں نے واچ ٹاور سے چھلانگ لگادی۔ اندازہ ہے کہ اس وقت  واچ ٹاور پر 27افراد تھے۔ قلعہ پر پیش آنے  والے اس سانحہ کے علاوہ راجستھان کے مختلف علاقوں میں بجلی گرنے سے 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں  جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔ راجستھان ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ کی جوائنٹ سیکریٹری کلپنا  اگروال نے تصدیق کی ہے کہ ’’ریاست میں بجلی گرنے کے واقعات میں 23 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘ وزیراعلیٰ  اشوک گہلوت نے مہلوکین کے ورثا کیلئے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ 

مدھیہ پردیش میں 11 اموات:  پولیس نے بتایا ہے کہ مدھیہ پردیش میں بجلی گرنے کےمختلف واقعات میں 11ہلاکتیں ہوئی  ہیں  جن  میں  4 بچے ہیں۔ ان کے علاوہ 13افراد زخمی ہوئےہیں۔17 ہلاکتیں گوالیار اور چمبل  میں جبکہ 2۔2 اموات بیتکا اور ہوشنگ آباد میں  ہوئی ہیں۔ ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی نے بھی ان حادثات کی تصدیق کی ہے۔

مودی اور راہل کا اظہار تعزیت:   وزیراعظم مودی نے بجلی گرنے کے واقعات  میں جاں بحق ہونے والے افراد سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں مہلوکین کے ورثاء کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے 2۔2 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔  راہل گاندھی نے بھی ان اموات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں سے متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ 


Share: